سابق تحصیل ناظم سرتاج احمدخان نے اہالیان تورکھو اور تریچ میں پائی جانے والی بے چینی اور مایوسی کے حوالے سے صوبائی محتسب اور ڈائرکٹر لاء اینڈ ہیومن رائٹس خیبر پختونخوا کو ایک مراسلہ بھیج دیاہے

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) سابق تحصیل ناظم چترال سرتاج احمد خان نے اپر چترال کے بونی بزند روڈ کی تکمیل میں 15سال کی غیر معمولی تاخیر اورسائٹ پر کام شروع نہ کرنے کے باوجود سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ٹھیکہ دار کو 14کروڑ روپے کی پیشگی ادائیگی پر اہالیان تورکھو اور تریچ میں پائی جانے والی بے چینی اور مایوسی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے صوبائی محتسب اور ڈائرکٹر لاء اینڈ ہیومن رائٹس خیبر پختونخوا کو ایک مراسلہ بھیج دیاہے۔ مراسلے میں مذکورہ افسران کی نوٹس میں بونی بزند روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں تمام حقائق پیش کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس روڈ پراجیکٹ کو جلدآز جلد پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے تاکہ علاقے کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں اور تمام سیکٹرز میں ترقی کا عمل تیز ہو اور علاقے میں معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے غربت میں کمی آسکے۔ انہوں نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسفالٹ پلانٹ اور جملہ متعلقہ مشینیری کی جلد آز جلد سائٹ میں منتقلی اور 7کلومیٹر اسفالٹ اور 6کلومیٹر کمپکشن کا کام شروع کیا جائے جس کے لئے ادائیگی پہلے ہی ہوچکی ہے۔