ضلع غذر کی تحصیل گوپس کا گاؤں سُمال اور مولا آباد آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں

غذر(نامہ نگار)ضلع غذر کی تحصیل گوپس کا گاؤں سُمال اور مولا آباد آج بھی بنیادی سہولتوں سے محرومی کی زندہ مثال ہیں۔ حالیہ سیلاب میں جب لوگ گھرے ہوئے تھے، تو ان کے عزیز و اقارب تک خبر پہنچانے کے لیے کوئی ذریعہ موجود نہ تھا۔ موبائل نیٹ ورک کی غیر موجودگی نے لوگوں کو اندھیروں اور تنہائی میں چھوڑ دیا۔ اکیسویں صدی میں جب دنیا خلا میں انٹرنیٹ بھیج رہی ہے، ہمارے لوگ اپنے ہی رشتہ داروں ،پیاروں اورایمرجنسی حکام کو اطلاع دینے کے لیے میلوں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
علاقے کے مکینوں کاکہناہے کہ یہ وہ علاقے ہیں جہاں زونگ اور ایس کام دونوں کی سروس موجود ہو سکتی ہے مگر ٹاور لگانے کی سست روی اور بے حسی نے عوام کو محروم کر رکھا ہے۔ اگر یہاں 4G ٹاورز موجود ہوتے تو سیلاب کے دوران بروقت رابطہ، امدادی کارروائیوں کی رفتار اور لوگوں کی جان بچانے کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے۔ یہ کوئی سہولت نہیں بلکہ آج کی دنیا میں ایک ضرورت ہے۔
اسی طرح بجلی کی کمی یہاں کے عوام کی زندگی کو مزید مفلوج کر رہی ہے۔ تعلیم کا پہیہ رکا ہوا ہے۔ یہ محض محرومی نہیں بلکہ ناانصافی ہے۔حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے۔ گاؤں سُمال اور مولا آباد میں فوری طور پر زونگ اور ایس کام کے 4G ٹاورز نصب کیے جائیں اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تاکہ ان لوگوں کو بھی وہی بنیادی حقوق میسر ہوں جو بڑے شہروں کے شہری روز مرہ کی طرح استعمال کرتے ہیں۔





