Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

بروغل کا ننھا پھول ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مرجھا گیا، وی سی چیئرمین بروغل عمر رفع

بروغل کا ننھا پھول ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مرجھا گیا، وی سی چیئرمین بروغل عمر رفیع
بروغل (نامہ نگار ) وی سی چیئرمین بروغل عمر رفع نے ایک انتہائی جذباتی بیان میں کہا ہے کہ وادی بروغل کے معصوم بچے، سلطان کنک کے چار سالہ لختِ جگر نے قریبی ہسپتال نہ پہنچنے کے باعث دم توڑ دیا۔ بچے کو ختنہ کے لیے مستوج لایا جا رہا تھا اور سفر کے دوران معمولی بخار لاحق ہوا، تاہم قریب ترین ہسپتال 150 کلومیٹر کے فاصلے پر ہونے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہو سکا۔
انہوں نے بتایا کہ بچے کی میت کو مستوج سے لاشکرگاز بروغل پہنچانے کے لیے ورثاء کو نجی جیپ کرائے پر لینی پڑی، جس پر 40 ہزار روپے کا خرچ آیا۔ بروغل کے عوام نہ صرف طبی سہولتوں سے محروم ہیں بلکہ ایمرجنسی کے دوران مریضوں یا میتوں کی منتقلی کے لیے کوئی سرکاری ٹرانسپورٹ بھی میسر نہیں۔
عمر رفیع کے مطابق بروغل میں واحد سرکاری ڈسپنسری گزشتہ چار برس سے عملے سے خالی ہے، جہاں صرف کلاس فور اور چوکیدار مریضوں کو دوائیاں اور بعض اوقات انجیکشن دینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف 2025 کے دوران ہی بروغل میں چار قیمتی جانیں علاج نہ ملنے کے سبب ضائع ہو چکی ہیں۔
چیئرمین نے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی اور ڈی ایچ او اپر چترال سے پرزور مطالبہ کیا کہ بروغل ڈسپنسری میں فوری طور پر مقامی اور تربیت یافتہ طبی عملہ تعینات کیا جائے۔ انہوں نے خاص طور پر نرس امان علی شاہ کی تعیناتی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام مزید قیمتی جانوں کا نقصان برداشت نہیں کر سکتے۔
عمر رفیع نے کہا کہ بروغل کے عوام 78 برسوں سے پاکستان کے پرامن اور وفادار شہری ہیں، مگر بنیادی سہولیات سے محرومی کے باعث بے بسی اور کرب میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button