نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کیلئے شیخاندہ بمبوریت میں ٹریڈیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ منعقد کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز

چترال ( محکم الدین ) کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی وادیوں میں صدیوں قدیم کھیلوں کو زندہ رکھنے اور نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کیلئے شیخاندہ بمبوریت میں ٹریڈیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ منعقد کرنے کے لئے اقدامات کا آغازکردیا ہے ۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وی ڈی اے سرتاج احمد خان نے نوجوانوں کی ایما پر شیخاندہ کا دورہ کیا اور نوجوانوں کی نشان دہی پر ٹورنامنٹ کے انعقاد کے سلسلے میں عارضی گراؤنڈ کے حوالے سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال و بورڈ ممبر کے وی ڈی اے عبد المجید قریشی سے ملاقات کی اور گراؤنڈ کا بھی جائزہ لیا ۔ جہاں پہلے بھی ٹورنامنٹ منعقد ہوتے رہے ہیں ۔
سرتاج احمد خان نے گراؤنڈ کو ٹریڈیشنل گیمز کے انعقاد کیلئے انتہائی مناسب قرار دیا کیونکہ جگہ وسیع ہونے کے ساتھ ساتھ مہمانوں کی نشست اور کھیل کیلئے مناسب جگہ موجود ہے ۔ اور کاتی کلچر اور قدرتی نظاروں کاحسین امتزاج یہاں دیکھنے کو ملتا ہے ، اس موقع پر انہوں نے کہا ، کہ گراؤنڈ سے متعلق فیصلہ اور گراؤنڈ کی ضروری مرمت کے بعد ٹورنامنٹ منعقد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ، کہ اس ٹورنامنٹ میں قدیم نورستانی کھیل ، بزکشی ، تیر اندازی ، کشتی ، گھڑدوڑ سمیت تمام روایتی کھیل کھیلے جائیں گے اور غیر مقامی لوگوں اور سیاحوں کو قدیم روایتی کھیلوں سے روشناس کرایا جائے گا ۔ سرتاج احمد خان نے کہا، کہ جگہ کا انتخاب کیا گیا ہے ، تاہم ٹورنامنٹ مزید مشاورت اور انتظامات کے بعد منعقد کی جائے گی ۔ یہ ٹورنامنٹ سیاحت کو ترقی دینے ، وادی کے نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتیں اجاگر کرنے اور قدیم کھیلوں کو معدوم ہونے سے بچانے کے تحت منعقد کیا جائے گا ۔ اس موقع کالاش ویلی میں سیاحت کی غرض سے آنے والے آسٹریا اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان سیاحوں کوٹریڈیشنل گیمز کے انعقاد سے متعلق بتایا گیا ۔ تو انہوں نے انتہائی دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے قدیم کھیل دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کیوں کہ بہت سارے قدیم کھیل عدم توجہ کی وجہ سے معدوم ہو چکے ہیں ۔ اس لئے ایسے کھیلوں کو زندہ رکھنا سیاحت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے ۔ اور ہمارے جیسے سیاحوں کیلئے بزکشی کے مقابلے اپنے سامنے دیکھنا ایک نا قابل یقین تجربے سے کم نہیں ہوگی