Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

کےوی ڈی اے کا بنیادی مقصد کالاش وادیوں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور مسائل حل کرنے کی کو شش ہے،ڈی جی منہاس الدین

چترال (ڈیلی چترال نیوز) کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( کے وی ڈی اے ) کا ایک غیر معمولی اجلاس چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں چترال چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اتالیق حیدر علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ جس میں ڈی جی کے وی ڈی اے منہاس الدین ، بورڈ ممبر سرتاج احمد خان ، چترال ٹورزم ایسوسی ایشن کے صدر سید حریر شاہ ، ممبر بورڈ عبد المجید قریشی ، اقلیتی کونسلر نابیگ ایڈوکیٹ ، سوشل ایکٹی وسٹ عارف اللہ و دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں کالاش ویلی بمبوریت ، رمبور اور بریر سے بھی افراد شریک ہوئے ۔ اس موقع پر کالاش ویلیز میں ٹورزم کو فروغ دینے ، علاقے کے مسائل حل کرنے خصوصا سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی ۔ اور جملہِ شرکاء نے تجاویز پیش کیں ۔ اجلاس میں اس امر کا اظہار کیا گیا ۔ کہ کے وی ڈی اے کا بنیادی مقصد کالاش وادیوں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور مسائل حل کرنے کی کو شش ہے ۔ اور کمیونٹی کو روڈ ، صحت ، تعلیم اور دیگر مسائل سے نکالنا اس کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ علاقے میں سیاحت اس وقت ترقی کرسکتی ہے ۔ جب آمدورفت کی مشکلات دور ہوں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وادی کے لوگوں میں غلط فہمی کی بنیاد پر یہ افواہ پھیلائی گئی ۔ کہ کے وی ڈی اے خدانخواستہ لوگوں پر ٹیکس لگانے کا سوچ رہی ہے ۔ ایسا ہر گز بھی نہیں ہے ۔ جو لوگ اپنا گزر بسر انتہائی مشکل حالات سے کر رہے ہوں ۔ بھلا ان لوگوں سے کیسے ٹیکس لیا جاسکتا ہے ۔ یہ ایک غلط فہمی جو ناسمجھی یا دانستہ طور پر پھیلائی گئی۔ تاہم اس تنقید کے اچھے نتائج نکلے ہیں ۔ اور کے وی ڈی اے و صوبائی حکومت نے ٹیکس اور جرمانے کےالفاظ دستاویز سے ختم کردیے ہیں ۔ اس میں کسی کو بھی شک نہیں ہونا چاہئیے ۔ اور انشاء اللہ وہ ترمیم شدہ دستاویز وادی کے لوگوں کو دیکھایا جائے گا ۔ اجلاس میں 27 ستمبر کو انٹر نیشنل ٹورزم ڈے بمبوریت میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اور کہا گیا ، کہ ہفتہ 27ستمبر کو بمبوریت میں ایک شاندار ٹورزم ڈے منایا جائے گا ۔ جس کی گونج عالمی سطح پر سنی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وادیوں میں تعلیم کو فوکس کیا گیا ہے ۔ اور امسال مسلم اور کالاش طلبہ کو بیس لاکھ سے زیادہ اسکالر شپ دیے جائیں گے ۔ یہ نقظہ آغاز ہے ۔ اور اس کیلئے چترال یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو سائن کرکے ان کے ذریعے سے ایک منظم ترتیب کے مطابق میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر سکالرز شپ دیے جائیں گے ، اجلاس میں بعض شرکاء کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ، کہ کالاش فیسٹولز کو کمرشلائز کرنے سے اجتناب کیا جائے ، اور یہ فیسٹولز صدیوں سے جس سادہ طریقے سے ہوتے آرہے ہیں ، اسی طرح رہنے دیے جانے چاہئیں ۔ اور باہر کے لوگوں کو وادی میں داخل ہونے سے پہلے ہی مقامی کلچر کے بارے میں ایجوکیٹ کیا جانا چاہئے ۔ اجلاس میں ٹورزم منیجمنٹ پلان اور ماسٹر پلان بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ تاکہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت سیاحت کو فروغ دیا جاسکے ، اور غیر منظم انداز سے جاری سیاحت کو روکا جاسکے، جس سے وادیوں کے لوگ نالاں ہیں ۔ اجلاس سے ڈی جی منہاس الدین ، سید حریر شاہ ، ممبر بورڈ سرتاج احمد خان ، عبد المجید قریشی ، نابیگ ایڈوکیٹ ، لوک رحمت ، عارف اللہ ، عبد الجبار ، استاد محمد حیات خان ، مولانا محمد ناصر ، محمد گوہر وغیرہ نے خطاب کیا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button