تازہ ترین سپرٹنڈنٹ پیسکو چترال اسلام غنی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

چترال(نامہ نگار )محکمہ پیسکو میں 42 برس شاندار خدمات سرانجام دینے والے سپرٹنڈنٹ چترال لوئر اسلام غنی کے اعزاز میں ایک عظیم اور پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ایکسین دیر ڈویژن اکرام اللہ خان،سابق ایکسین حضرت حسن، واڑی سب ڈویژن کے ایس ڈی او فضل منیر ،چترال سب ڈویژن کے ایس ڈی او نادر شاہ،گولین گول پاور اسٹیشن کے آر ای ایوب سمیت پیسکو چترال کے سابق اور موجودہ ایمپلائز، اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سبکدوش ہونے والے سپرٹنڈنٹ اسلام غنی نے اپنے خطاب میں تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانان کو خوش آمدید کہا اوران کاشکریہ اداکیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی محکمے میں ملازمت کا آغاز درگئی سے ہوئی جہاں انہوں نے 15 سال گزارے اس کے بعد تیمرگرہ اور دیر سب ڈویژن میں 24سال اور ملازمت کے آخری تین سال چترال سب ڈویژن میں پورے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگوں سے جو پیار ومحبت مجھے ملی میں اسے کبھی فراموش نہیں کرونگا۔
تقریب میں شریک معزز مہمانوں نے سپرٹنڈنٹ اسلام غنی کی پیسکو کے لئے لازوال خدمات اور کاوشوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی چار دہائیوں پر محیط پیشہ وارانہ زندگی کے دوران ہمیشہ محکمہ پیسکو سمیت صارفین کےمسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور جوناقابلِ فراموش کردار ادا کیا وہ سنہری حروف میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام غنی جیسے مخلص، دیانتدار اور فرض شناس افسران ہی قوم کا سرمایہ اور محکمہ کا اصل وقار ہیں، ان کی شب و روز محنت اور خلوصِ نیت سے کی گئی خدمات نہ صرف پیسکو بلکہ پورے ضلع چترال کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ان کے نقشِ قدم پر چلنا ہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔
تقریب کے آخر میں اسلام غنی کو تحائف سے نوازا گیا۔




