تازہ ترین

ایم پی اے خدیجہ بی بی کا ڈی ایچ او افس،ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ایجوکیشن آفس چترال لوئر کا دورہ

چترال (نامہ نگار) چترال سے تعلق رکھنے والی اے این پی ایم پی اے خدیجہ بی بی نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چترال کے دفاتر کا دورہ کیا جہاں ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد شمیم خان نے انہیں ضلع لوئر چترال میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ایم پی اے کے ہمراہ اے این پی ضلع لویر چترال کے صدر الحاج عید الحسین ،سنیر رہنما سید عابد حسین جان، قاضی اسرار اور دوسرے موجودتھے۔

انہیں بتایا گیا کہ ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے جس کی وجہ سے خدمات کی فراہمی میں بری طرح رکاوٹ ہے کیونکہ ڈاکٹروں کی 100 آسامیوں میں سے صرف 21 پر ڈاکٹر تعینات ہیں جبکہ سرحدی گاؤں ارندو ہسپتال گزشتہ پانچ سالوں سے ڈاکٹر کے بغیر ہے۔انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں صحت کارڈ کی سہولت میسر نہیں جس کی وجہ سے ایک لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل ہے اور اس سے علاقے کے غریب لوگ محروم ہیں۔ڈی ایچ او نے یہاں یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے کے پی حکومت کے میڈیکل آفیسرز اپائنٹمنٹ ایکٹ 2022 کو ضلع لوئر چترال تک بڑھایا جانا تھا جبکہ اپر چترال ضلع میں حال ہی میں 50 سے زائد میڈیکل آفیسرز اور ماہرین کی تقرری کی گئی۔اس موقع پر عشریت کے مقام پر بیسک ہیلتھ یونٹ کی عمارت سے سڑک گزرنے کے بعد اس کی بلڈنگ دوبارہ بنانے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر شمیم نے کہا کہ ڈاکٹروں کی کمی کے باوجود ضلع کو اس سال دو بار پورے صوبے میں اول رہنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
بعد ازاں، انہوں نے دو اضلاع کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے والی ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے ہسپتال کا دورہ کیا جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیاض علی رومی نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے ہسپتال کو درپیش مسائل سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایاکہ دل کے مریضوں کو جدید علاج فراہم کرنے کے لیے کیتھلیب کے قیام کی ضرورت ہے جبکہ مریضوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے صحت کارڈ سکیم کو لیول 5 تک بڑھانا ہے۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز،لیبارٹری اور مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور مریضوں اور ان کے لواحقین سے بات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔دونوں مواقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس معاملے کو متعلقہ حکام کے ساتھ پوری دلجمعی سے اٹھائیں گی اور اسے اسمبلی کے فلور پر بھی اٹھائیں گی۔

ایم پی اے خدیجہ بی بی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (مردانہ) مفتاح الدین سے بھی ان کے دفتر جاکر محکمے سے متعلق معلومات حاصل کی۔ انہوں نے ڈی ای او پر زور دیاکہ کوئی سفارش یا دباؤ قبول کئے بغیر ٹرانسفر اور پوسٹنگ میں شفافیت کو یقینی بنائے اور سکولوں میں ٹیچرز کی حاضری کو یقینی بنائے۔ انہوں نے ارندو کے سکولوں میں ٹیچرز کی کمی کو پورا کرنے کی تاکید کی جس پر انہیں بتایاگیاکہ حالیہ ایٹا ٹیسٹ میں ارندو سے تعلق رکھنے والے امیدواروں میں سے کسی نے بھی کوالیفائی نہ کرسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button