ڈی ایس ایل کی ناقص سروس کے خلاف احتجاجی ریلی اور پریس کانفرنس
چترال (نمائندہ _______) پاکستان میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے پی ٹی سی ایل کی جب سے نجکاری ہوئی ہے اس کی کارکردگی میں تنزلی آئی ہےاور چترال جیسے دور افتادہ علاقوں میں اس کی سروس انتہائی ناقص اور خراب ہے۔ جس کی وجہ سے صارفین کو بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خصوصا نوجوان طبقہ جو کہ جدید ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتے ہیں ان کو بھی اس سلسلے میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ نوجوانوں اور دیگر کاروباری حضرات کے ان ہی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اور مذکورہ ادارے کی ناقص سروس کو حکام بالا اور میڈیا تک پہنچانے کے لئے جماعت اسلامی یوتھ کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی کل( یعنی 2 نومبر 2016 ) نکالی جارہی ہے جو پولو گراونڈ سے شروع ہوکر پریس کلب چترال میں پریس کانفرس پر منتج ہوگی۔ جس میں نوجوانوں اور دیگر صارفین کی کثیر تعداد کی شمولیت متوقع ہے۔ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے جےآئی یوتھ کے ضلعی صدر جناب وجیہ الدین نے کہا ۔ کہ چترال میں نوجوان ، تعلیمی ادارے ، کاروباری ادارے اور عام صارفین ڈی ایس ایل کی خراب کارکردگی کا ہمیشہ رونا روتے ہیں اور ہر مہینے میگا بائیٹس کے حساب سے بل ادا کرتے ہیں جب انٹرنیٹ کی سپیڈ صرف کلو بائیٹس میں چلتی ہے۔ ڈی ایس ایل کی سروس اتنی خراب ہے کہ ہر دو منٹ بعد ڈسکونکٹ ہو جاتی ہے جس سے صارفین ایک طرف زیادہ ادائیگی کرنا پڑتا ہے تو دوسری طرف سروس کا معیار نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے نے کہا کہ کل ہم احتجاج ریکارڈ کرائیں گے کہ پی ٹی سی ایل کے حکام صارفین کی بڑھتی ہوئی شکایات کا سات دنوں کے اندرازالہ کرکے فائبر آپٹیک کا کام مکمل کرے اور اسے اپریشنل کرے ۔ اگر ایک ہفتے کے اندر یہ مسئلہ حل نہ کیا گیا تو ہم تمام صارفین کو لیکر صارف عدالت جائیں گے اور مذکورہ ادارے کے خلاف سلسلہ وار احتجاج شروع کیا جائے گا۔ اور اس کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی سی ایل پر عائد ہوگی۔ انہوں نے نوجوانوں اور دوسرے صارفین کو کل کے اس پرامن احتجاج میں شریک ہوکر اس کو کامیاب بنائیں۔