جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کے وفد کی ڈی سی لوئر چترال سے عوامی مسائل اور دیگر امور کے حوالے سے ملاقات

چترال(نمائندہ ڈیلی چترال نیوز) امیر جمعیت علماء اسلام لوئر چترال مولانا عبد الشکور کی سربراہی میں اراکین کابینہ پر مشتمل وفد نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راع ہاشیم عظیم سے ملاقات کی، ملاقات میں مختلف عوامی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مولانا عبد الشکور نے کہا کہ ائمہ مساجد کو صوبائی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ وظائف وصول کرنے میں کافی مشکلات پیش آرہے ہیں۔ وظائف ائمہ کرام کے اکاؤنٹس میں بھیجنے کے بجائے اے سی کے اکاؤنٹ میں بھیجے جاتے ہیں جس سے وصولی میں وقت بھی لگتا ہے اور دیگر مسائل بھی پیش آتے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی مہینے تک پتہ ہی نہیں چلتا کہ کتنے وظائف مقرر ہیں اور کس وقت وصول کرنے ہیں، پہلے جتنے وظائف ملتے تھے اب بعض کو ملے بھی ہیں تو اس کے نصف ملے ہیں۔ انہوں نےمطالبہ کیا کہ ائمہ کرام کو ان کے وظائف ذاتی اکاؤنٹس میں بھیج دیے جائیں اور مکمل وظائف کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس حوالے سے اسی وقت ہی متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا اور یقین دلایا کہ جلد از جلد اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔
وفد نے کہا کہ دریا کے بھاؤ میں اضافے کی وجہ سے ایون، نگر اور دوسرے علاقوں میں گھر متاثر ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ امداد کی جائے۔
وفد نےبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں وظائف کی تقسیم کے طریقہ کار کی بارے کہا کہ اس وجہ سے خواتین کو کافی مشکلات پیش آرہے ہیں۔ اس حوالے سے مولانا عبد الشکور نے کہا کہ چترال بازار سے آگے دنین، بلچ، سنگور وغیرہ جتنے بھی علاقے ہیں ان کے لیے پریڈ گراؤنڈ میں اور دوسری طرف کے علاقوں کے لیے پولو گراؤنڈ میں وظائف کی تقسیم کے لیے بندوبست کی جائے، اس سے خواتین کے لیے بھی سہولت ہوگی، بیٹھنے کے لیے کھلی اور ہوا دار جگہ بھی مل جائے گی اور بازار میں بھی رش کم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار نیٹ ورک کے ناقص سروس کی وجہ سے لوگ کافی متاثر ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے ڈی سی سے مطالبہ کیا کہ اس پر خصوصی توجہ دے کر جلد از جلد سروس کی بہتری میں کردار ادا کیا جائے۔
امیر جمعیت علماء اسلام مولانا عبد الشکور نے کہا کہ ارندو کے دورے کے دوران ہم نے دیکھا جگہ جگہ چیک پوسٹس بنی ہوئی ہیں اور علاقے کے لوگوں نے بھی شکایت کی کہ یہ پسماندہ علاقہ ہے، یہاں سے چترال شہر پہنچنے میں کئی گھنٹے لگتے ہیں اور ہر چیک پوسٹ پر کئی کئی منٹ تک کے لیے روکے رکھا جاتا ہے، ایسے میں کوئی بیمار لے جانا ہو یا کسی ایمرجنسی کام کے سلسلے میں جانا ہو تو کافی مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے اس حوالے سے نرمی کی جائے اور علاقے کے لوگوں کو بلا وجہ نہ روکا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ان تمام امور پر جے یو آئی وفد کی گفتگو اور مطالبات سننے کے بعد یقین دلایا کہ ان متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے بہت جلد ان تمام مسائل پر عملدر آمد کرایا جائے گا اور علاقہ کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
وفد میں ضلعی امیر مولانا عبد الشکور ،جنرل سیکرٹری مولانا قاضی محمد الیاس، نائب امیر مولانا قاری عبد الحی، نائب امیر صوبیدار میجر عبد الصمد، معاون ناظم مالیات مولانا محمد رفیع اور کوآرڈینیٹر ڈیجیٹل میڈیا احسان اللہ شامل تھے۔