تازہ ترین

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آنے والے عید الفطر کی انتظامات کے لئے تمام متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے ہیں

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آنے والے عید الفطر کی انتظامات کے لئے تمام متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے ہیں۔ وزیر اعلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنر، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو عملدرآمد کے لئے کو بیس نکات پر مشتمل مراسلہ جاری کردیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز عید سے قبل اپنے اپنے اضلاع میں متعلقہ محکموں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے عید گاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز عید کی اجتماعات کے لئے سکیورٹی پلان مرتب کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عید کی چھٹیوں کے دوراں ضلع کی سطح پر کوئی بھی انتظامی آفیسر ڈیوٹی اسٹیشن چھوڑے نے سے پہلے ڈپٹی کمشنر سے جبکہ ڈپٹی کمشنرز متعلقہ کمشنر سے اور کمشنرز چیف سیکرٹری سے پیشگی اجازت لیں۔ انتظامی افسر ڈیوٹی اسٹیشن چھوڑنے کی صورت میں اس کی جگہ متبادل افسر کی موجودگی ضروری ہوگی۔ ہوائی فائرنگ کے حوالے سے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور کسی بھی قسم کی آتش بازی کی اجازت نہیں ہوگی، پولیس ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرنے والوں کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور سرکاری کرایہ سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں کے دوراں ون وہیلنگ، تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ کے بائیک چلانے کی روک تھام کے لئے ٹریفک پولیس کے خصوصی دستے تعینات کئے جائیں، عوامی مقامات خصوصا بازاروں اور عیدگاہوں میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے، عید کی خریداری کے لئے جن بازاروں میں خواتین کا رش لگتا ہے وہاں پر فیمیل پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں، سیاحتی مقامات اور سیاحتی مقامات تک جانے والی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کے بہتر انتظامات یقینی بنائے جائیں اور اس مقصد کے لئے ٹورازم پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔ مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوراں تیز بہاو والے دریاؤں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کی جائے، دریاؤں اور ڈیموں میں مروجہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، بغیر لائف جیکیٹ کشتی رانی اور کشتیوں میں استعداد سے زائد سواری بٹھانے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے۔ اسی طرح کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے دریاؤں کے آس پاس اور رش والی مقامات پر ریسکیو 1122 کو الرٹ رکھا جائے۔ مزید برآں سڑکوں کو ہمہ وقت کھلا رکھنے اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے محکمہ مواصلات و تعمیرات اور اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹییز کو بھی الرٹ رکھا جائے اور تمام ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ مراسلے میں ہدایت کی کئی ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوراں سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹورازم اتھارٹییز ٹورسٹس فیسیلیٹیشن سنٹرز اور ہیلپ لائن کو دن میں ہمہ وقت کھلا رکھیں، تفریحی پارکوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان پارکوں کی انتظامیہ کو پارک میں نصب جھولوں میں اورلوڈنگ سے اجتناب کرنے ہدایت کی جائے۔ اسی طرح تمام کیبل کاروں کے مالکان اور آپریٹرز سے فنٹنس سرٹیفیکیٹ ضرور حاصل کئے جائیں۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ صوبہ بھر کے تمام مراکز صحت کو 24 گھنٹے کھلے رکھا جائے اور ان میں ایمرجنسی ادویات اور ضروری عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے، صوبے خصوصا سیاحتی اور رش والی مقامات کے پیٹرول پمپس میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ اسی طرح نماز عید کی اجتماع والی جگہوں اور میلوں وغیرہ کے مقامات کے لئے ٹریفک پلان اور صفائی ستھرائی کے انتظامات بروقت ترتیب دئے جائیں، عید کے دوراں تمام ڈپٹی کمشنرز جیلوں، ہسپتالوں اور یتیم خانوں کے دورے یقینی بنائیں۔ عید کی چھٹیوں کے دوراں عوام کی سہولت کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کئے جائیں جو 24 گھنٹے کھلے رہیں اور ان کنٹرول رومز کے رابطہ نمبرز عوام کی آگہی کے لئے مشتہر کئے جائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button