تازہ ترین

چترال سے منتخب رکن قومی اسمبلی عبداللطیف کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت کیس کو فی الفور ختم کرکے انہیں ان کے عہدے پر بحال کیا جائے،ایم این اے فاتح الملک علی ناصر

چترال ( نامہ نگار ) مہتر چترال اور ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر، تحصیل چیرمین دروش سید فرید جان اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنما امین الحسن، نذیر احمد، امیر علی اور شفیق الرحمن نے درجنوں پارٹی کارکنان کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام مقتدرحلقوں پر زور دیا ہے کہ چترال سے منتخب رکن قومی اسمبلی عبداللطیف کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت کیس کو فی الفور ختم کرکے انہیں ان کے عہدے پر بحال کیا جائے بصورت دیگر یہ چترال کے عوام کو ترقی سے محروم کرنے اور ان کے جذبات سے کھیلنے والی بات ہوگی جنہوں نے ریکارڈ مینڈیٹ دے کر انہیں منتخب کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ عبداللطیف کے ساتھ کیس میں دوسرے نامزد ملزمان کو عدالت نے بری کردیا اور قانون کے مطابق ان کا کیس بھی ختم کردیاجانا تھا لیکن انہیں اس حق سے محروم رکھا گیا۔ انہوں نے کہاکہ عبداللطیف کو محض اپنی ضمیر کا سودا نہ کرنے اور عمران خان کے ساتھ دینے اور اسے نبھانے کی سزا دی جارہی ہے جبکہ یہ بات حقیقت ہے کہ عبداللطیف کو سزا دینے کا مطلب پورے چترال اور چترالی قوم کو سزا دینا ہے جوکہ پوری دنیا میں اپنی امن پسندی کے لئے مشہور ہیں اور چترال پرامن خطے کے طور پر جانا جاتا ہے اور ایسی پرامن علاقے کے منتخب نمائندے کو بدامنی کی سزا دینا نہایت نامعقول بات ہے۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کہاکہ قانون کی پاسداری کرنے والے ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ منتخب نمائندے کو سزا دینا قانون کے منہ پر طمانچہ اور اس پسماندہ علاقے کو مزید پسماندہ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت پر واضح کیا کہ اس وقت جو سلوک پی ٹی آئی کے ساتھ برتی جارہی ہے، وہ کل دوسری جماعتوں کے ساتھ بھی پیش آسکتا ہے جس کے لئے وہ بھی میدان میں اتر آئیں اور اپنے کل کی حفاظت کرے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ٹائیگرز ڈرنے والے لوگ نہیں ہیں جن کے قائد نے انہیں نہ بہادری کا سبق سیکھایا ہے اور پوری عزم واستقلال کے ساتھ قیدو بند کی سزائیں برداشت کررہے ہیں لیکن ظالموں کے سامنے سر نہیں جھکایا اور اسی ظلم کے خلاف ہی میدان سیاست میں اتر آئے ہیں۔ا نہوں نے کہاکہ اس پریس کانفرنس کو سنجیدہ لیتے ہوئے اس احتجاج کو ریکار ڈ کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button