چترال: شاہی مسجد کے قریب مارکیٹ میں ہولناک آتشزدگی، ہوٹل سمیت 6 دکانوں میں موجود سامان جل کر خاکستر

چترال (نمائندہ)گزشتہ شب چترال ٹاؤن میں شاہی مسجد کے قریب واقع ایک مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہوٹل اور چھ دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان جل کر راکھ ہو گیا، تاہم ریسکیو 1122 اور ٹی ایم اے کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پوری مارکیٹ کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق آگ گزشتہ شب شاہی مسجد سے ملحقہ مارکیٹ میں لگی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر فائٹرز ٹیم تین فائر وہیکلز کے ساتھ موقع پر پہنچی۔ ٹی ایم اے کے فائر برگیڈ اہلکاروں نے بھی امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ فائر فائٹرز نے ڈیڑھ گھنٹے کی مسلسل جدوجہد اور تقریباً 30 ہزار لیٹر پانی استعمال کرنے کے بعد آگ پر مکمل قابو پا کر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہوٹل اور چھ دکانیں جن میں کلاتھ ہاؤس، بوٹ ہاؤس اور کباڑ کی دکان شامل ہیں، ان میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔ دکانداروں کے مطابق نقصان کی مالیت لاکھوں میں ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بروقت فائر فائٹنگ کی وجہ سے مارکیٹ کی دیگر درجنوں دکانیں متاثر ہونے سے بچ گئیں، جس سے مزید لاکھوں روپے کے نقصان کا خدشہ ٹل گیا۔
آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ متاثرہ تاجروں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنا کاروبار کھڑا کر سکیں



