لوئر چترال پولیس کے جوان عابد کی بروقت کارروائی، دریائے چترال میں چھلانگ لگانے والے نوجوان کی جان بچالی

چترال/ لوئر چترال پولیس کے جوان نے پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور جرات کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے حکیم آباد پل کے مقام پر دریائے چترال میں چھلانگ لگانے والے نوجوان کی جان بچا کر اسے موت کے منہ سے نکال لیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ صبح تقریباً 10 بجے ایک 15 سے 16 سالہ نوجوان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر حکیم آباد پل دروش سے دریائے چترال میں چھلانگ لگا دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے بہادر کانسٹیبل عابد نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر غیر معمولی جرات اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا۔پولیس جوان عابد نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دریا کے تیز بہاؤ میں چھلانگ لگا دی اور انتہائی مہارت کے ساتھ ڈوبتے ہوئے نوجوان کو بحفاظت نکال کر اس کی زندگی بچالی۔ لوئر چترال پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کانسٹیبل عابد کا یہ جرات مندانہ اقدام پوری فورس کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ پولیس کی اعلیٰ تربیت اور عوامی خدمت کے عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ عوام نے کانسٹیبل عابد کی فرض شناسی اور بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خر اجِ تحسین پیش کیا ہے لوئر چترال پولیس نے اعادہ کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور پولیس کی ٹیمیں ہر مشکل گھڑی میں شہریوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔



