254

سابق ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد کی کوششیں رنگ لائیں/اٹامک انرجی کمیشن نے چترال میں کینسر ہسپتال قائم کرے کی حامی بھر لی

چترال(نامہ نگار)پاکستان اٹانک انرجی کمیشن نے چترال شہر میں جدید کینسر ہسپتال قائم کرنے کی حامی بھرلی ہے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت سے سرکاری اراضی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ شہیدنے5 اکتوبر 2016کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین کے نام ایک چھٹی لکھ کر ان سے چترال میں ایک جدید کینسر ہسپتال قائم کرنے کی گذارش کی تھی۔ اس سلسلے میں تازہ ترین پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق گذشتہ دنوں اٹامک انرجی کمیشن کے افسران کی ایک خصوصی میٹنگ صوبائی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کیساتھ منعقد ہوئی جس میں وزیر صحت اور سیکرٹری صحت بھی موجود تھے جبکہ میٹنگ میں ڈائریکٹر INORایبٹ آباد، ڈائریکٹر NIFAپشاور اور ڈائریکٹر ارنم پشاور بھی موجود تھے۔ اجلاس میں چترال میں کینسر ہسپتال قائم کرنے کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان اٹانک انرجی کمیشن نے چترال شہر میں ایک جدید کینسر ہسپتال قائم کرنے سے اتفاق کیا۔ اس حوالے سے اجلاس میں سابق ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ کی کوششوں اور دلچسپی کو بھی سراہا گیا۔ پاکستان اٹانک انرجی کمیشن کی طرف سے صوبائی حکومت سے کہا گیا ہے کہ چترال ٹاؤن کے اندر 40-50کنال سرکاری اراضی اس مقصد کے لئے فراہم کی جائے تاکہ کمیشن وہاں پر ہسپتال قائم کر سکے۔ اس حوالے دستیاب معلومات کے مطابق ڈپٹی کمشنر چترال کو بھی ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے کہ وہ چترال کے اندر موزون سرکاری اراضی کی نشاندہی کرے۔ مراسلے میں بھی سابق ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ شہید کا ذکر کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں