266

پی پی اے ایف کی کمیونٹی خاتون ، وادی کیلاش سے تعلق رکھنی والی گل نظر نے لیڈیز فنڈ ایوارڈحاصل کر لیا

کراچی (نمائندہ چتر) چترال کی وادی کیلاش سے تعلق رکھنے والی پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) کی ایک کمیونیٹی ریسورس پرسن گل نظر نے داؤود گلوبل فاؤنڈیشن لیڈیز فنڈ آئیڈل ایوارڈ 2017 حاصل کر لیا۔ یہ ایوار ڈ ہر اس شخص کو دیا جاتا ہے جس نے پسماندہ علاقے کی خواتین کواپنے انفرادی کام سے بااختیار بنانے میں کارہائے نمایاں انجام دیا ہو۔ ایوارڈ گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران گورنر سندھ محمد زیبر نے پیش کیا ۔
گل نظر کے پی پی اے ایف کے غربت مٹاؤ پروگرام کے تحت غذائیت، بیماریوں سے بچاؤ، صحت ، صفائی و پانی، حَفظانِ صحت اور ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے انجام دیئے جانے والے اقدامات کو بے حد سراہا گیا۔ ان کی لگن اور ان کی کوشش کی بدولت وادی کیلاش میں خواتین اور بچے کئی امراض سے محفوظ رہے۔ گل نظر ماسٹر زڈگری ہولڈر ہونے کی وجہ سے تعلیم کی اہمیت کو سمجھتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہی ترقی اور کامیابی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ’’نوجوانوں خصوصاً پاکستان کے شمالی علاقوں کی لڑکیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور ان کے بہتر مستقبل کے لئے اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کئے جانے چاہئیں‘‘ایک سرگرم کمیونیٹی ریسورس پرسن ہونے کے علاوہ گل نظر کالاشا پیپل ڈیولپمنٹ نیٹ ورک اور کالاشا کلچر سیونگ سوسائیٹی کی چیرپرسن بھی ہیں۔ گل نظر کیلاش ویلی گورنمنٹ مڈل سکول میں رضاکار استاد کے طور پربھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔غربت مٹاؤ پروگرام (پروگرام برائے پا ورٹی ریڈکشن ) کو اطالوی حکومت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل فار ڈیولپمنٹ کوپریشن کے ذریعے مالی معاونت حاصل ہے اور اس کی نگرانی عالمی بینک کر رہاہے۔ پی پی اے ایف اس پروگرام کو اپنے شریک اداروں کے ذ ریعے سے صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے 14 اضلاع کے 38 یونین کونسلوں اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) میں چلارہا ہے۔ پروگرام کا مقصد غریب اور کم مراعا ت یافتہ طبقات کی زندگیوں کو تبدیل کرنا ہے ، اس مقصد کے لئے مستحکم معاشرتی اور پیداواری بنیادی ڈھانچے قائم کئے جا رہے ہیں ۔ کمیونیٹی کے ذریعے ترقی کے طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے پی پی اے ایف نے یونین کونسلوں میں کمیونیٹی روابط مالیاتی اور پروکیورمنٹ منجمنٹ اور ڈیولپمنٹ کے لئے 350 سے زائد کمیونیٹی ریسورس پرسنز تیار کئے ہیں۔ یہ کمیونیٹی ریسورس پرسنز پاکستان پاورٹی الیوئیشن فنڈ کے شریک اداروں کے ساتھ ملکر کمیونیٹیز کی ترقی کے لئے اہم ایشوز کی نشاندہی کرنے اور ان پر کام کرنے کے لئے سہولت فراہم کرتے ہیں تاکہ صحت مند معاشروں کا قیام ممکن ہوسکے۔ اب تک 287 ولیج ڈیولپمنٹ پلانز تیار کئے گئے ہیں ، جن کی روشنی میں ضرورت کے تحت مکمل پروگرامنگ کی بنیاد رکھتے ہیں، جس کی بدولت دیہا ت کی کمیونیٹی کے ذریعے فزیکل انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت و غذا، قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے تیاری وانتظام اور ذریعہ معاش، خودمختاری اور کاروباری ترقی کو ممکن بنایا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں