420

پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مضبوط اور با اختیار بنانے کے لئے پر عزم ہے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خواتین کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری تعلیمی ایمرجنسی کے اہداف میں سرفہرست ہے ایک خاتون کو معیاری تعلیم کی فراہمی کا مطلب ماں، بہن یا بیٹی کو تعلیم یافتہ بنانا ہے جوپورے کنبے، معاشرے اور بحیثیت مجمو عی آئندہ نسل کی تعلیم و تربیت یقینی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کی 13ویں رسم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں صوبائی مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹررضیہ سلطانہ ، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام اور مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے علاوہ طالبات اور انکے والدین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی کیمپس میں سوئی گیس سپلائی سکیم اور یو بی ایل کی اے ٹی ایم برانچ کا افتتاح کرنے اور ایم فل و پی ایچ ڈی طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے علاوہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام سمیڈا، نیفا، لیزان کارپوریشن اور نظامت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ چار معاہدوں پر دستخط کی تقاریب میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے یونیورسٹی کی رابطہ سڑک کو کشادہ و پختہ کرنے اور مطلوبہ بسوں کی فوری فراہمی کا اعلان بھی کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان میں ترقی کی اس بنیاد پر وہ توجہ نہیں دی گئی جو دینا چاہئے تھی۔ دنیا ایک طرف جا رہی ہے اور ہم دوسری طرف بھاگ رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہم 70سالوں میں بین الاقوامی معیار کی ایک یونیورسٹی تک نہیں بنا سکے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مضبوط اور با اختیار بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ ہم ایک ایسی قوم بنانا چاہتے ہیں جس میں آگے بڑھنے کی صلاحیت ہو۔ جو اپنی دنیا آپ پیدا کرنے کا جذبہ رکھتی ہو۔ہم ایسی قوم دیکھنا چاہتے ہیں جو غیروں کے آگے ہاتھ پھیلانے کی بجائے خود اپنے پاؤں پرکھڑی ہو۔ وزیراعلیٰ نے مختلف شعبوں میں بہترین نتائج پر یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طالبات کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں