گولین گول بجلی گھر سے بروز، ایون گہیریت ا ور کیسو کو بجلی دینے کے سلسلے میں پیسکو اور مقامی لوگوں میں اصولی طور پر اتفاق رائے طے پاگیا
چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) گولین گول بجلی گھر سے بروز، ایون گہیریت ا ور کیسو کو بجلی دینے کے سلسلے میں پیسکو اور مقامی لوگوں میں اصولی طور پر اتفاق رائے طے پاگیا جس کے مطابق اس بجلی گھر سے ان چاروں دیہات بروز اور گہیریت کو مکمل طور پر اور ایون اور کیسو کے بجلی سے محروم حصوں کو بجلی دی جائے گی ۔بدھ کے روز سہ پہر ڈپٹی کمشنر چترال کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں ضلع ناظم مغفرت شاہ ، ڈی۔ سی ارشاد سودھر ، اے سی چترال ساجد نواز ، پیسکو کے ایس ڈی او فضل منیر اور چاروں دیہات کے نمائندے نصر ت آزاد، فضل خالق اور گل سمبر خان کے درمیاں طویل گفت وشنید کے بعد طے پایا کہ چاروں دیہات کے نمائندوں، پیسکو کے حکام اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل ایک کمیٹی اے۔ سی چترال ساجد نواز کی سربراہی میں تشکیل دی جائے گی جوکہ جوٹی لشٹ سے ان دیہات تک بجلی کی ترسیل کے تکنیکی امور کو طے کریں گے اور ان علاقوں میں پہلے سے موجود ٹرانسمیشن لائن کے مالک حاجی محمد خان کے ساتھ بھی لائن رینٹ کا فیصلہ کریں گے۔ فیصلے کے مطابق جمعرات کے روز ڈی۔ سی چترال کمیٹی کے ممبران کی نوٹیفیکیشن کردیں گے جس کے بعد کمیٹی باضابطہ کام شروع کرکے ایک ہفتے کے اندر اندر بجلی کی ترسیل کے لئے راہ ہموار کرے گی۔ دریں اثناء بروز کے گولدہ کے مقام پر بدھ کے روز بھی دھرنا جاری رہا ۔