410

امسال مقامی حکومتوں کوترقیاتی بجٹ سمیت مجموعی طورپرایک کھرب 44ارب 42کروڑروپے ملیں گے عنایت اللہ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال )خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کی مضبوطی کیلئے ہماری حکومت کے اخلاص کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ صوبائی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے 30فیصد فنڈز بھی انہیں منتقل کئے گئے اورماضی کے سالانہ ایک ارب کی نسبت انہیں 42ارب روپے کے فراخدلانہ فنڈز اور مزید کئی وسائل و اختیارات دئیے جا رہے ہیں جسکی مثال شاید ملک کے دوسرے کسی صوبے میں نہ ملے پریس کلب پشاور کے پروگرام گیسٹ آور سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ نئے بلدیاتی نظام کو طاقتور اور عوامی امنگوں کا آئینہ دار بنانے کیلئے سال رواں میں انہیں تنخواہوں و غیر تنخواہوں اور گرانٹس سمیت کرنٹ بجٹ کی مد میں ایک کھرب دو ارب روپے جبکہ ترقیاتی بجٹ سمیت مجموعی طور پر ایک کھرب 44ارب 42کروڑ روپے کے مالی وسائل ملیں گے جو کافی خطیر رقم ہے اور ان کا شفاف استعمال یقینی بنا کر عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی عنایت اللہ نے کہا کہ ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں میں آبادی کی بنیاد پر فنڈز کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آئندہ کیلئے یہ اصول اپنایا گیا ہے کہ ایک ہزار نفوس تک آبادی بڑھنے کے ساتھ ہی اسکے فنڈز بھی اسی شرح سے خودبخود بڑھائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ہم بلدیاتی اداروں کو جمہوریت کی نرسریاں سمجھتے ہیں جتنا یہ نظام مضبوط ہوگا اتنا ہی صوبہ اور ملک ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہونگے حالیہ بلدیاتی انتخابات سے دراصل خوشحالی کے انقلاب کی داغ بیل ڈال دی گئی ہے بلدیاتی نمائندوں کی تربیت کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے تاہم وقت کے ساتھ انکی سیاسی اور انتظامی پختگی بھی خود بخود ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو مناسب سطح پر تنخواہیں اور مراعات دینے کیلئے سمری محکمہ خزانہ ارسال کر دی گئی ہے جسکی منظوری پر یہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بہت ذیلی بات ہے اصل کام عوام کی بے لوث خدمت ہے اور بلدیاتی نمائندوں کو مخلوق خدا کی خدمت اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بڑا سنہری موقع میسر آیا ہے جسے ضائع کرنا ہم سب کی بدنصیبی ہو گا سینئر وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قومی وطن پارٹی کی کابینہ میں شمولیت میں جماعت اسلامی کو مکمل طور پر اعتماد لیا گیا تاہم ہماری جماعت ایک جمہوری پارٹی ہے ہم کابینہ کی فعالیت پر خفا نہیں بلکہ خوش ہوتے ہیں تاکہ ایکدوسرے کی صلاحیتوں اور تجربے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائیں انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے اور ماضی میں بھی جہاں محسوس کیا تو حکومت و اقتدار سے علیٰحدگی میں لمحے بھر کا توقف نہیں کیا اسلئے اس حوالے سے ہمارے خلوص اور نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔
<><><><><><><><>
الخدمت ہسپتال کو نئی انتظامیہ اور جدید طبی سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا
پشاور۔22اکتوبر2015ء
الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا نے نشترآباد پشاور میں قائم الخدمت ہسپتال کو نئی انتظامی تبدیلیوں کے علاوہ مزید طبی سہولیات سے آراستہ کیا ہے اس خیراتی و فلاحی ہسپتال کے جنرل و کنسلٹنٹ او پی ڈیز، گائنی، سرجیکل، ایکسرے، الٹراساؤنڈ، امراض دندان، امراض چشم، تھیلی سیمیا، ڈائلسز، فزیو تھراپی، نفسیاتی عوارض، آپریشن تھیٹر، تشخیصی لیبارٹری، بلڈ بینک، نرسری آئی سی یو، ہائی ڈیفینڈنسی یونٹ، زنانہ و مردانہ وارڈز اور پرائیویٹ رومز سمیت تمام شعبوں کو کمپیوٹرائز کرنے کے علاوہ متعلقہ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کے حوالے کر دیا گیا ہے اب ہسپتال آنے والے تمام مریضوں کا ڈیٹا ہمیشہ کیلئے محفوظ ہو گا اور ہر دوسری بار آمد پر انکی ہسٹری دہرانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ شناخت کے ساتھ ہی خود طریقے سے انکا علاج شروع ہو گا اسی طرح گائنی یونٹ اور بلڈ بینک کو بھی زیادہ فعال بنا دیا گیا ہے ہسپتال کے ڈائریکٹر سرجن ڈاکٹر عباس علی کے مطابق اپنی مدد آپ کے تحت چلائے جانے والے اس ہسپتال کی خدمات اور سہولیات پر آنے والے اخراجات پشاور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں سے بھی کئی گنا کم ہیں جسکی وجہ لوگ علاج کی بیشتر سہولیات کیلئے یہاں کا رخ کرتے ہیں تاہم کسی بھی شکایت پر ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے جس کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں