478

ناظمین ،کونسلر،بلدیاتی افسراوراہلکاردوسرے کام چھوڑکرزلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کیلئے سرگرم عمل ہوں۔عنایت اللہ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال )خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان نے ناظمین، کونسلروں، بلدیاتی افسروں اور اہلکاروں کو تاکید کی ہے کہ وہ معمول کی سرگرمیاں چھوڑ کر آئندہ دو تین ہفتوں تک صوبے میں تباہ کن زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور ریلیف کیلئے سرگرم عمل ہوں اور دیگرامدادی محکموں اور ریلیف ایجنسیوں کے ہمراہ متاثرین کی بحالی کیلئے مربوط کوششیں کریں یہ ہدایت انہوں نے ضلع دیر بالا میں زلزلے سے شدید متاثرہ علاقوں ریحان کوٹ، کوٹو بس ، دیر ٹاؤن اور دوسرے دورافتادہ دیہات کے تفصیلی دورے کے موقع پر وہاں ہونے والی تباہی اور متاثرین کی حالت زار کے پیش نظر جاری کی تاہم انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ انکی خبرگیری اور دادرسی کیلئے وہ خود علاقے میں موجود ہونگے اور اپنی نگرانی میں ریلیف اور بحالی کا کام پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے رکن قومی اسمبلی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ، ضلع ناظم دیر بالا فصیح اللہ اور تحصیل ناظمین کے علاوہ جماعت اسلامی کے مقامی زعماء بھی انکے ہمراہ تھے عنایت اللہ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے علاوہ انکی جماعت اور الخدمت فاؤنڈیشن سمیت رضاکار ادارے اور این جی او بھی دیر بالا اور دیگر متاثرہ اضلاع میں پہنچ کر پوری طرح فعال ہو گئے ہیں اور اب شبانہ روز متاثرین کی خدمت کیلئے کوشاں ہونگے سینئر وزیر نے اعتراف کیا کہ دیربالا میں زلزلے سے میڈیا کے اندازوں سے بھی زیادہ نقصانات ہوئے ہیں جانی نقصانات کے علاوہ ہزاروں گھر تباہ ہوئے اور مال مویشیوں کا نقصان ہوا تاہم انہوں نے کہا کہ متاثرین کے گھر دوبارہ تعمیر کئے جائیں گے اور انکی ہر طرح بحالی یقینی بنائی جائے گی قبل ازیں عنایت اللہ نے ڈپٹی کمشنر آفس دیربالا میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کے سلسلے میں ضلعی افسران اور این جی اوز کے رضاکاروں کے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کی اور متاثرین کی مدد کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کے فیصلے کئے گئے اور اس مقصد کیلئے متعلقہ اہلکاروں اور رضاکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں