چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) فرنٹیر کور کے دو سو پچاس جوانوں کی پاسنگ آوٹ پریڈ چترال سکاؤٹس چھاونی دروش میں ہوئی ۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل نادر خان مہمان خصوصی تھے ۔ بریگیڈیر ضیاء الاسلام اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ کے علاوہ فوجی آفیسران علاقائی عمائدین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی ۔ تربیت یافتہ جوانوں سے ملک کی سالمیت اور بقا کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے حوالے سے قسم لی گئی ۔ اور میجر جنرل نے پا سنگ آوٹ پریڈ کی سلامی لی ۔ اس موقع پر جی او سی نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ یہ جوانوں کیلئے ایک یادگار لمحہ ہے ۔کہ وہ باقاعدہ طور پر تربیت حاصل کرکے ایک پیشہ ور سپاہی کی حیثیت سے ملک کی سالمیت کی ذمہ دار ی سنبھال رہے ہیں ۔ چترال سکاوٹس نے ہمیشہ سے ضرب کلیمی کا شعور بیدار کیا ہے ۔ اور اس فورس کا کردار لائق تحسین و آفرین رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے ۔ کیونکہ دشمن مسلسل ہمیں نشانہ بنانے کی کو شش میں ہے ۔ ماضی میں غیر ملکی عناصر کے کہنے پر مساجد ، سکولوں اور عوام کو نہیں بخشا گیا ۔ لیکن ان ملک دشمنوں کا قلع قمع کرنے کیلئے فرنٹیر کور نے مثالی کردار ادا کیا ۔ اب خدا کے فضل اور ہمارے جوانوں کی لازوال قربانیوں سے اُن کا صفایا ہو گیا ہے ۔ اور ضرب عضب انتہائی کامیابی سے اپنے اہداف حاصل کر چکا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اس امید کا اظہار کیا ۔ کہ وہ اپنے پیشرووں کے نقش قدم پر چل کر ملک کی سالمیت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہمارے یونیفارم کی عزت و احترام اس ملک اور اس قوم کی وجہ سے ہے ۔ اس لئے ملک کی بقا اور قوم کی عزت جوانوں پر اولین فرض ہے ۔ جی او سی نے کہا ۔ ہم پر جو ذمہ داری ڈالی گئی ہے ۔ ہمیں ہر صورت میں اُسے نبھانا چاہیے۔ نتیجے کو اللہ پر چھوڑنا چاہیے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ قائد اعظم کے فرمان ایمان ، یقین اور تنظیم پر کار بند رہنے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں کسی بھی صورت غافل نہیں رہنا چاہیے ۔ کیونکہ دشمنوں کی نظر ہماری طرف ہے ۔ جی او سی نے تربیت کے دوران نمایان کارکردگی کے حامل جوانوں کو اعزازات دیے ۔ جبکہ فرنٹیر کورکے اعزازی شمشیر کو اعلی کارکردگی کے حامل نوجوان مقبول الہی کو دیا گیا ۔