Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور محکمہ تعلیم نے ربیع الاول کے سلسلے میں مقامی ٹاؤن ہال میں ‘رحمت اللعالمین کانفرنس ‘کا اہتمام

چترال (نمائند ہ) ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور محکمہ تعلیم نے ربیع الاول کے سلسلے میں مقامی ٹاؤن ہال میں ‘رحمت اللعالمین کانفرنس ‘کا اہتمام کیا جس میں مقامی سکولوں کے طلباو طالبات میں حسن قرات اور نعت خوانی کے مقابلے ہوئے جبکہ مقامی علمائے کرام نے سیرت رسول کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی کمشنر لویر چترال محسن اقبال اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے انعامات تقسیم کی۔
اپنے خطاب میں ڈی سی لویر چترال نے کہاکہ اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہی انسانیت کی فلاح اور بقا ہے اور تمام لوگ اپنے اپنے شعبہ ہائے زندگی میں شرعی تقاضے پوری کریں اور اسوہ رسول کی پیروی کرے تو معاشرے سے تمام پریشانیاں اورگھمبیر مسائل کا ایک دم خاتمہ ہوگا اور وہ معاشرے فلاح کی راہ پائے گا۔ انہوں نے کہاکہ رسول مقبول کی زندگی مبارک انسانوں کی خیر خواہی کی بنیاد پر استوار تھا جس نے انسانیت کو گھٹاٹوپ اندھیرے سے نکال کر انہیں رشدو ہدایت سے منور کیا اور ا ن کے امتی ہونے کی حیثیت سے اب یہ ہم پر لازم ہے کہ ہم بھی دوسروں کی خیر خواہی کا ہی سوچ لیں۔ ڈی سی نے طلباء وطالبات کی ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس نسل نو کی صلاحیتوں میں نکھارپیدا کرنے کے لئے ایک ادارہ جاتی اپروچ پیدا کرتے ہوئے تمام سکولوں میں ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو ریگولر بنیادوں پر استوار کریں جس میں ضلعی انتظامیہ اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔ اس سے قبل مفتی عتیق الرحمن نے اسو ہ رسول پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس ہستی کی عظمت کا اندازہ کون لگاسکتا ہے جس کے لئے تخلیق کائنات عمل میں آئی اورانسانیت کی تمام مسائل کا حل بھی اسی ہستی نے پیش کیا۔ انہوں نے رحمت اللعالمین کے مفہوم پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔جیوری کے فیصلے کے مطابق مقابلہ حسن قرات میں ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے صبغت اللہ، سینٹینل ماڈل سکول چترال کے صابر احمد اور دارالعلوم ریحان کوٹ کے فیض الاعظم نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ نعت خوانی کے مقابلے میں ہائی سکول بلچ کے روحان احمد نے پہلی، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے عرش منور دوسری اور ہائی سکول بروز کے مشہود احمد نے تیسری پوزیشن لے لی۔
مقابلہ حسن قرات کی جیوری میں مفتی ضیاء اللہ اور قاری عبدالباسط جبکہ نعت خوانی کی جیوری گورنمنٹ ہائی سکول سویر کے ہیڈ ماسٹر محمد ایوب اور مفتی ضیاء اللہ پرمشتمل تھی۔
اس موقع پرڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر شاہد حسین،ڈسٹرکٹ خطیب مولانا فضل مولیٰ، گورنمنٹ کامرس کالج کے پرنسپل صاحب الدین، ایڈیشنل اے سی خلیل احمد، گورنمنٹ سینٹینل ماڈل سکول چترال کے پرنسپل شاہد جلال، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے پرنسپل محمد سلیم کامل، ہائی سکول بروز کے پرنسپل سمیع الدین اور اسسٹنٹ ڈی ای او ضیاء الرحمن بھی موجود تھے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button