320

پی ڈی ایم نے عمران خان کو تاریخی کامیابی کے قریب لاکر کھڑا کردیا ہے کیونکہ کراچی سے لے کر چترال تک عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر حقیقی آزادی کے حصول کے لئے باہر نکلنے کو تیار ہےوزیرزادہ

چترال (نمائندہ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی وزیرزادہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے عمران خان کو تاریخی کامیابی کے قریب لاکر کھڑا کردیا ہے کیونکہ کراچی سے لے کر چترال تک عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر حقیقی آزادی کے حصول کے لئے باہر نکلنے کو تیار ہے جس کا ثبوت خان صاحب کے عوام جلسے ہیں جنہیں دیکھ کر شہبازشریف اور ان کے حواریوں کے کانپیں ٹانگ رہی ہیں اور ان کی سیاسی موت ان کے سامنے رقصاں نظر آرہی ہے۔ ہفتے کے روز ٹاؤن ہال چترال میں پی ٹی آئی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کو حقیقی آزادی سے ہمکنار کرنے کا وقت آگیا ہے اور ملک کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی حکمران نے امریکہ کے سامنے ابسولوٹلی ناٹ کہہ کر ان کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور ملکی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ مسلم امہ کو منظم ومتحد کرنے کی کوششوں سے امریکہ کے پیٹ میں توڑ اور مروڑ اٹھا اور پاکستان میں پی ڈی ایم کے رہنماؤں کی شکل میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے امپورٹڈ حکومت پلانٹ کرنے میں کامیاب ہوگئی لیکن دراصل یہ ان کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم قیادت یہ غلط تاثر پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ عمران خان اور اسٹبلشمنٹ ایک دوسرے مد مقابل ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان کسی بھی ادارے کے خلاف نہیں بلکہ چوروں اور ڈاکووں کے خلاف برسر محاذ ہے اور یہ بات بھی حقیقت ہے کہ فوج نہ ہوتی تو یہ ڈاکو اب تک ملک کو بیچ چکے ہوتے۔ اس سے قبل نومنتخب چیرمین تحصیل لوکل گورنمنٹ چترال شہزادہ امان الرحمن نے کہاکہ گزشتہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج سے واضح ہے کہ چترال کے عوام خان صاحب کے ساتھ ہیں اور ان کی کال پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ملک کو غلامی سے نکالنے کی وژن پر سب کچھ فدا کرنے کو تیارہیں۔ انہوں نے کارکنوں میں اتحاد واتفاق کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہاکہ کارکنوں سے ذیادہ سے ذیادہ تعداد میں خان صاحب کی کال پر لبیک کہتے ہوئے اسلام آباد پہنچ کر خان صاحب کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دیں گے۔ انصاف یوتھ کے ملاکنڈ ڈویژن کے سینئر رہنماؤں اشفاق منیر اور ملک آصف شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خان صاحب کی روز افزوں بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہوکر حکمرانوں نے طاقت کا استعمال کرکے جلسوں اورجلوسوں کو روکنے کی حماقت کررہے ہیں اور وہ اس خوش فہمی میں ہیں کہ وہ طاقت کے استعمال سے خان صاحب کے جان نثاروں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکسانی قوم میں ایک جذبہ تو 1947ء کو پیدا ہوا تھا جب برطانوی سامراج سے ملک کو آزاد کیا تھا اور اب قوم دوبارہ دوبارہ متحد ومتفق ہوکر امریکہ سامرا ج کو بھی اس ملک سے نکال باہر کرنے کا مصمم ارادہ کرلیا ہے اور اس راہ بھی حائل کسی بھی رکاوٹ اور چٹان سے ٹکرانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ میں پولیس گردی اور خان صاحب کے جلسے کو روکنے کی مذموم کوشش حکمرانوں کی کمزوری کی چغلی کھارہی ہے۔ پی ٹی آئی چترال کے سینئر رہنماؤں عبداللطیف نے کہاکہ فرسودہ نظام اور چور ڈاکو قیادت کی تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور خان صاحب کی بس ایک کال کا انتظار ہے۔ اسر ار صبور نے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ خان صاحب کی کال پر چترال کا کارکن پہلے کی طرح تاریخی کردار ادا کریں گے جوانہوں نے اسلام آباد کے دھرنے میں انجام دیا تھاجس میں چترال سے گئے ہوئے پارٹی ورکروں کے ساتھ ساتھ راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم چترالی کارکنان نے دھرنے کیمپ میں اپنی حاضری سے ثابت کردیا تھا کہ وہ خان صاحب کے ساتھ ہیں اور یہ جذبہ ان میں آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔ انصاف یوتھ لویر چترال کے صدر شفیق الرحمن نے بھی پارٹی قیادت کو یقین دلایاکہ جس طرح ملاکنڈ ڈویژن میں یوتھ کنونشن کے سلسلے کا آغاز چترال سے ہورہا ہے، اسی طرح خان صاحب کی کال پر بھی سب سے پہلے اور سب سے تعداد میں لبیک کہنے والے بھی یہی ہوں گے تاکہ ملک کو حقیقی آزادی مل سکے۔ ویلج کونسل شیاقوٹک کے نومنتخب چیرمین فخر اعظم اور دوسرے نومنتخب بلدیاتی نمائندے بھی اس موقع پر کثیر تعداد میں موجود تھے۔ بعدازاں پی ٹی آئی کے کارکنان نے وزیر زادہ اور دوسرے رہنماؤں کی قیادت میں سیالکوٹ میں جلسے کو ناکام بنانے کی حکومتی کاروائی کے خلاف جلوس نکالا جوکہ پی آئی اے چوک میں احتتام پذیر ہوئی۔ پارٹی کارکنان نے وزیر اعظم، زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے خلاف نعرہ بازی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں