ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ساتھ سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے ہوٹل میں قیام پر 20 فیصد رعایت کا اعلان

ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ساتھ سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے ہوٹل میں قیام پر 20 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔
سیاحت اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، محمد عمران خان نے حال ہی میں اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ انور اکبر خان کے ہمراہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے دفتر کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پی آئی اے کے عملے سے ملاقات کی اور ایئرپورٹ پر دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ پی آئی اے کے عملے نے ایئر لائن کے آپریشنز بشمول فلائٹ شیڈول، مسافروں کی سہولیات اور کارگو سروسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے پی آئی اے کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر کی کوششوں کے نتیجے میں اب پی آئی اے کے ساتھ سفر کرنے والے سیاحوں کو چترال کے تمام اے گریڈ ہوٹلوں میں رہائش پر 20 فیصد رعایت ملے گی۔ یہ رعایت پی آئی اے کے ذریعے چترال جانے والے تمام سیاحوں پر لاگو ہوگی۔ اس اقدام کی کامیابی کو یقینی بناتے ہوئے پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور چترال ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر کے درمیان باضابطہ تحریری معاہدہ طے پا گیا ہے۔
پی آئی اے ہفتہ اور منگل کو چترال کے لیے دو ہفتہ وار پروازیں چلاتا ہے، جو خطے کے قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور ایڈونچر سیاحت کے مواقع تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔ فلائٹ اسلام آباد سے دوپہر 2 بجے روانہ ہوتی ہے جبکہ چترال سے اسلام آباد کے لیے فلائٹ 3 بجکر 40 منٹ پر روانہ ہوتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے چترال میں سیاحت کے فروغ میں پی آئی اے کی کوششوں کو سراہا اور اعلان کیا کہ ضلعی انتظامیہ اس اقدام کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ایئر لائن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان نے کہا کہ "ہمیں اس نئے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، جس سے چترال میں سیاحت اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔”
توقع ہے کہ رعایتی پیشکش سیاحوں کی بڑی تعداد کو چترال کی طرف راغب کرے گی، جس سے خطے میں سیاحت اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ قومی ایئرلائن کی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر چترال کی کاوشوں کو سراہتی ہے اور تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔
ترجمان پی ائی اے