عوام ترقیاتی کاموں کےلئے میرا شکریہ ادا نہ کریں کیونکہ یہ عوام کا حق ہے،عوام میرا شکریہ تب ادا کریں جب میں عمران خان کو رہا کرا کے عوام کے بیچ میں کھڑا کردوں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ضلع مانسہرہ میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلان کرتا ہوں کہ باجوہ غدار ہے اور جو بھی باجوہ بنے گا ہم اس کو غدار کہیں گے، یہ سیاسی جنگ ہے، ادارے ہمارے اور ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے بیچ نہ آئیں۔ عمران خان ملک و قوم کی خاطر پر امن ہیں، جس دن انہوں نے آواز دی تو ہم بھر پور انداز میں نکلیں گے اور بتائیں گے کہ عوامی طاقت کیا ہوتی ہے۔آئین توڑنے کی سزا موت ہے اور ہم آئین توڑنے والوں کو آئین کے مطابق سزا دیں گے۔ جس دن ہمیں یقین ہوا کہ انصاف نہیں ملنے والا اور ہم نے قانون اپنے ہاتھ میں لیا تو دیکھتا ہوں کون ہمارے راستے میں آتا ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام ترقیاتی کاموں کےلئے میرا شکریہ ادا نہ کریں کیونکہ یہ عوام کا حق ہے،عوام میرا شکریہ تب ادا کریں جب میں عمران خان کو رہا کرا کے عوام کے بیچ میں کھڑا کردوں۔عدلیہ سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے ، چیف جسٹس اگر ہمیں انصاف نہیں دے سکتا تو ہمارے کیسز سے خود کو الگ کرلے۔ یہ ملک ہمارے آباو اجداد نے حاصل کیا، یہ ہم سب کا ملک ہے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کے ساتھ جو ظلم و بربریت ہورہی ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی،یہ سب اس لئے ہو رہا ہے کہ عمران خان نے غلامی قبول نہیں کی، ہمیشہ ملکی خودمختاری اور اسلام کی سربلندی کی بات کی۔ ہم غلام نہیں رہنا چاہتے، ہمیں آزادی چاہیئے اگر نہ ملی تو چھین کر لیں گے۔ ہم عمران خان کی بے گناہ قید کے ایک ایک دن کا حساب لیں گے۔ وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ سنا ہے کہ پرویز خٹک کو عمران خان کے خلاف گواہی کےلئے بلایا جاریا ہے لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر احسان فراموش پرویز خٹک نے عمران خان کے خلاف جھوٹی گواہی دی تو اس صوبے میں اس کےلئے رہنے کی جگہ نہیں ہوگی۔قسم کھاتا ہوں کہ عمران خان کی رہائی کی اس تحریک میں پہلی گولی میں کھاو¿ں گا، ہمارے بزرگوں نے انگریزوں سے آزادی حاصل کی، ہم ان لٹیروں سے آزادی حاصل کریں گے۔مریم نواز نے پنجاب میں لوگوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ بند نہ کیا تو کے پی پنجاب جاکر لوگوں کا ساتھ دے گا۔ پی ڈی ایم والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر عمران خان نے سسٹم اور اداروں پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا تو پھر ہم خود انصاف بھی لیں گے اور اپنا حق بھی لے کر دکھائیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے قائدین عمر ایوب خان،اسد قیصر اور علی محمد خان کے علاوہ محمود خان اچکزئی اور دیگر نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر ،بابر سلیم سواتی ، ارشد ایوب خان اور دیگر نے بھی جلسے میں شرکت کی۔