چترال گرم چشمہ دوراہ پاس روڈ کی تعمیر کے لئے ہم تمام ذاتی و سیاسی مفادات قربان کرنے کو تیار ہیں، عمائدین لوٹ کوہ

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال)تحریک لوٹ کوہ دوراہ روڈ کے عمائدین نے گرم چشمہ میں کامیاب ترین عوامی اجتماع کے بعد شغور میں کریم آباد، آرکاری، پرسان اور شغور کے عمائدین اور عوام کے ایک بڑے اجتماع کے ساتھ میٹنگ میں شریک ہوئے۔ میٹنگ کے شرکاء کو تحریک کے سرپرست نواب خان نے تفصیلی طور پر تحریک کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر آج یہاں آپ کے پاس آئے ہیں تاکہ ہم سب مل کر اپنے مشترکہ مفادات کے لئے بہتر کردار ادا کرسکیں۔
تحریک کے صدر نصرت الہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب ہماری سیاست روڈ پر نہیں ہوگی بلکہ اب ہم ووٹ پر سیاست کریں گے۔ جس کسی بھی سیاسی شخص یا جماعت کو وادی لوٹ کوہ کا ووٹ چاہئے وہ چترال گرم چشمہ روڈ بنا دے ہم تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اسے ووٹ دیں گے۔ ہمیں اچھی طرح سے یاد ہے کہ گرم چشمہ روڈ پر لاشوں کی سیاست تک کھیلا گیا مگر روڈ کے لئے عملی طور پر کسی نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔
تقریب سے ٹی ایل ڈی آر کے نائب صدر سجاد پرتوی، جنرل سیکریٹری علاؤالدین حیدری،یوسی ناظم آرکاری شراف الدین، یوسی ناظم میردولہ جان، سابق ناظم نظارشاہ، یوسی ناظم پرسان حاجی نوروز، صدر اعظم،نظار شاہ، شیرفراز، عبدالمراد،شہزادہ ارہام،سابق کونسلر رحمن خان،چوہدری ہاشم،مفتاح الدین اورفیصل خان ایکس ناظم نے خطاب کرتے ہوئے عوام سے وعدہ لیا کہ وہ ہر مشکل میں اپنے مطالبات منوانے کی کوشش کریں گے۔ اور آپسی اتفاق برقرار رکھتے ہوئے چترال گرم چشمہ دوراہ پاس روڈ کی تعمیر مکمل ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میٹنگ کے آخرمیں متفقہ طور پرفیصلہ کیا گیا کہ اگلی میٹنگ سوسوم کریم آباد میں مورخہ 21 اپریل 2025 کو ہوگی۔