پروفیسر ڈاکٹر شاہ فہد علی خان کی گلوبل وائسز ایسّے چیلنج (پی ایچ ڈی کیٹیگری) میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن

چترال ( نامہ نگار) لوئرچترال زرگراندہ سے تعلق رکھنے والے نامور محقق اور جامعہ چترال کےپروفیسر ڈاکٹر شاہ فہد علی خان نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا۔ انہوں نے گلوبل ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (GDN) کی جانب سے منعقدہ گلوبل وائسز ایسّے چیلنج 2025 میں پی ایچ ڈی کیٹیگری میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
ڈاکٹر فہد کے انعام یافتہ تحقیقی مضمون میں یہ بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل اخراج (Digital Exclusion) شمالی پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے مطابق ڈھلنے (Climate Adaptation) کی کوششوں کو کس طرح متاثر کررہا ہے، اور آئندہ ڈیجیٹل شمولیت (Digital Inclusion) کس طرح موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کا مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔
اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں، ڈاکٹر شاہ فہد علی خان کو فرانس میں 27 سے 30 اکتوبر 2025 تک منعقد ہونے والی گلوبل ڈیویلپمنٹ کانفرنس میں شرکت اور اپنی تحقیق پیش کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
یہ بین الاقوامی اجلاس دنیا بھر کے محققین، پالیسی سازوں اور ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا، جہاں ترقی، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
چترال کے علمی و تحقیقی حلقوں نے ڈاکٹر شاہ فہد علی خان کی اس عالمی سطح پر کامیابی کو چترال کے لیے اعزاز قرار دیا ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔