تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) لوئر چترال نے اپنی پولو ٹیم کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا

چترال (بشیر حسین آزاد) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) لوئر چترال نے اپنی پولو ٹیم کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی نشست میں ٹی ایم او حیدر ایوب خان، ٹی او آر عمران فاروق، پولو کے کھلاڑیوں اور عمائدینِ علاقہ نے شرکت کی۔
ٹی ایم او حیدر ایوب خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی تشکیل کا مقصد فری اسٹائل پولو کو فروغ دینا اور مقامی کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم نہ صرف مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں بلکہ چترال کے تاریخی پولو ورثے کو زندہ کرنے کی جانب بھی ایک مثبت قدم اٹھا رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایم اے چترال اپنی ٹیم کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ "ہم چاہتے ہیں کہ جب ہماری ٹیم میدان میں اترے تو عوام بھرپور انداز میں ان کی حوصلہ افزائی کریں۔”
علاقائی عوامی حلقوں اور پولو کے شائقین نے ٹی ایم اے کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے چترال میں پولو کے کھیل کو فروغ ملے گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔
ٹی ایم اے چترال خاص کی پولو ٹیم میں ہارون علی شاہ، شیر ندیم الملک، محمد زاکر (بائی پاس)، رضا قلی خان اور جنید علی شاہ شامل ہیں۔



