Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

میرٹ سائٹیشن 2025 ، مقررین نے آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان چترال کی علمی کامیابیوں کو خوب سراہا.

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز)آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان چترال کے زیرِ اہتمام 19 اکتوبر 2025 کو آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول چترال میں میرٹ سائٹیشن کے سلسلے میں ایک پُر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سالانہ امتحانات 2025 میں غیر معمولی تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور سکول ہیڈز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں چترال کے مختلف آغا خان سکولوں سے وابستہ ان طلبہ کی کامیابیوں کو سراہا گیا جنہوں نے امتحانات میں شاندار نتائج حاصل کیے۔ اس سال 87 فی صد طلبہ نے اے پلس اور اے گریڈ حاصل کر کے ثابت کیا کہ آغا خان ایجوکیشن سروس کا تعلیمی معیار، مسلسل بہتری اور طلبہ کی ہمہ گیر تربیت کے عزم کے ساتھ قائم ہے۔ آغا خان سکولوں کے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف ملک کی معروف جامعات میں بلکہ بیرونِ ملک بھی داخلہ حاصل کر رہے ہیں، اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے کر اس تعلیمی نظام کے وقار میں اضافہ کر رہے ہیں۔

جنرل منیجر آغا خان ایجوکیشن سروس گلگت بلتستان و چترال، بریگیڈیئر (ر) خوش محمد خان نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ادارہ علاقے کے تمام طلبہ کے لیے معیاری تعلیم تک یکساں رسائی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق تعلیمی سال 2024–2025 میں چترال کے متعدد طلبہ نے قومی و بین الاقوامی جامعات میں داخلہ حاصل کیا جن میں کئی ایک کو سکالرشپس بھی ملے۔ خصوصاً آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول چترال اور کوراغ کے آٹھ طلبہ نے آغا خان یونیورسٹی کے ایم بی بی ایس پروگرام کا تحریری امتحان کامیابی سے پاس کیا، جو علاقے کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

مہمانِ خصوصی، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال جناب راؤ محمد ہاشم عظیم نے آغا خان ایجوکیشن سروس کی تعلیمی ترقی اور انسانی سرمائے کی تعمیر میں شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ کو صبر، محنت اور دیانت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی کامیابی صرف نمبروں میں نہیں بلکہ کردار کی پختگی اور مسلسل جدوجہد میں مضمر ہے۔

صدرِ محفل پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال نے طلبہ، اساتذہ اور والدین کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے آغا خان ایجوکیشن سروس کے معیاری تعلیمی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو مثبت عادات، محنتی مزاج، اور ہمہ جہتی تربیت کو اپنانا چاہیے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کے نمائندہ بن سکیں۔

معروف محقق اور دانشور ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی (تمغۂ امتیاز) نے اپنے کلیدی خطاب میں آغا خان ایجوکیشن سروس کے کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ اس ادارے کی کاوشوں نے چترال میں تعلیم کے نقشے کو بدل دیا ہے۔ اس نے نہ صرف معیارِ تعلیم کو بلند کیا بلکہ طلبہ میں اعلیٰ کارکردگی، شمولیت اور عمر بھر سیکھنے کے جذبے کو پروان چڑھایا ہے۔

تقریب میں آغا خان ایجوکیشن سروس کے چیف ایگزیکٹو افسر نے طلبہ اور اساتذہ کو عمدہ کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ ایسی جامع تعلیم فراہم کرتا رہے گا جو نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں اور اخلاقی تربیت کے امتزاج سے طلبہ کو ایک مکمل انسان بننے میں مدد دے۔ انہوں نے چترال کے حالیہ امتحانی نتائج کو علاقے کی علمی پختگی اور قیادت کی علامت قرار دیا.

تقریب میں موجودہ طلبہ اور فارغ التحصیل طلبہ نے اپنے تعلیمی سفر کی کہانیوں کو مکالموں اور ویڈیو پیغامات کے ذریعے پیش کیں، جو سامعین کے لیے نہایت متاثر کن ثابت ہوئیں۔ آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول چترال کے موسیقی کلب کی خوبصورت پیشکش نے تقریب کو چار چاند لگا دیا.

یہ پُر وقار تقریب ماہرینِ تعلیم، سرکاری نمائندوں، آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے عہدیداران، معززینِ علاقہ، والدین اور طلبہ کی شرکت سے مزین تھی، جن سب نے مل کر ان نوجوانوں کی کامیابیوں اور ان کے رہنماؤں کی انتھک کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے چترال میں علم و عمل کی روشنی کو مزید تابناک بنا دیا ہے۔۔












Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button