چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) بدھ کی علی الصبح سیکیورٹی فورسز نے کالاش وادی بمبوریت کے چراگاہ میں پانچ دہشت پسندوں کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کے ایک جوان کو معمولی زخم آئے ۔ سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق بدھ کے رات جب پانچ کی تعداد میں دہشت گرد بمبوریت کے چراگاہ میں پاک افغان بارڈر کے قریب آتے ہوئے دیکھے گئے تو فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جوکہ کئی گھنٹوں جاری رہا اور نتیجے کے طور پر پانچوں دہشت پسند مقابلے میں مارے گئے ۔ ذرائع کے مطابق یہ کاروائی انٹلی جنس کی بنیاد پر کی گئی جس کے مطابق علاقے میں افغانستان سے دہشت پسندو ں کی آمد کی اطلاع دی گئی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے لاشوں کو بعد میں چترال پولیس کے حوالے کردیا جن کو بیسک ہیلتھ یونٹ بمبوریت منتقل کردئیے گئے ہیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کو دفن کئے جائیں گے جبکہ ہسپتال میں ڈاکٹر کی عدم دستیابی کی وجہ سے ابھی تک پوسٹ مارٹم نہ ہوسکی ہے۔دہشت پسندوں کی شناخت ابھی ہونا باقی ہے جن کی لمبی لمبی داڑھیاں ہیں اور ان کی ان عمریں 22سے 30سال کے درمیاں بتائی جاتی ہیں اور شکل وشباہت کے لحاظ سے افغانستان کے بشگال کے باشندے لگتے ہیں۔ چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل نظام الدین شاہ نے علاقے کا بمبوریت کا دورہ کیا اور کالاش قبیلے کے رہنماؤں سے ملے جنہوں نے پاک فوج اور چترال سکاوٹس پر اپنی اعتماد کا اظہارکیا۔