Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

محکمہ تعلیم کے کلاس فورملازمین کی طرف سے پیر کے روز سیکرٹریٹ روڈ پر احتجاجی دھرنا

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز) محکمہ تعلیم کے کلاس فورملازمین کی طرف سے پیر کے روز سیکرٹریٹ روڈ پر احتجاجی دھرنادیا گیا جس میں پروموشن کے سلسلے میں کلاس فور ملازمین کے ساتھ روا رکھے جانے والی ناروا سلوک پر احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیاکہ ان کو بھی اساتذہ کی طرح باقاعدہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے ذریعے ترقی دی جائے ۔ صدر آل پاکستان درجہ چہارم ملازمین محکمہ تعلیم ضلع چترال محمد قاسم کی قیادت میں دھرنے میں سب ڈویژن مستوج کے لوکل باڈی کے صدر نصیر الدین، جنرل سیکرٹری محبوب علی شاہ، دروش سے ممبر خلیل احمد، ضلع چترال کے پریس سیکرٹری فدائی احمد، موری لسٹ سے ممبر ہدایت الرحمن ،برنس سے اسرار الدین، چترال سے احتشام الحق، رحیم اللہ، محمد اعظم، تورکھو سے موسیٰ مدد شاہ کے علاوہ بہت سے درجہ چہارم ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ درجہ چہارم ملازمین بینرز اٹھارکھے تھے جس میں ان کے مطالبات درج تھے اور چار گھنٹے تک اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے نعرہ بازی کرتے رہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر محمد قاسم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایجوکیشن آفس میں کلاس فور ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں کاسلوک روا رکھا جا رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بڑی کوششوں کے بعد ڈی۔ای۔ او حنیف اللہ نے چترال کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ تعلیم میں چھ اسامیاں کلاس فور ملازمین کی ترقی کے لئے مختص کرائے تھے لیکن ایک افسر اس راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کررہے ہیں جس کے خلاف مناسب وقت میں ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے دفتر میں تین کلاس فوروں کو ترقی دینے پر ڈی۔سی چترال اسامہ احمد وڑائچ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ کلاس فور ملازمین کی ترقی سے متعلق نوٹیفکیشن پر عملدرامد کیا جائے اور اب تک اس پر عملدرامد کی تفصیلات مہیا کئے جائیں اور اساتذہ کی طرح درجہ چہارم کے ملازمین کو بھی ڈی پی سی کے ذریعے ترقی دی جائے۔ اس موقع پر حکومت کوخبر دار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر یکم اکتوبر تک مطالبات نہ مانے گئے تو وہ بھر پور احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button