201

آصف زرداری صرف اور صرف جمہوریت کا دفاع کر رہے ہیں ،خان صاحب نے ماضی میں شیخ رشید کے بارے میں کیا کچھ نہیں کہا، مگر آج ان کا ایک پل شیخ رشید کے بغیر نہیں گزرتاپیپلز پارٹی کے رہنماؤں قمرزمان کائرہ اور سینیٹر سعید غنی کا چیئرمین پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس پرردعمل

اسلام آباد(ملت+آئی این پی )پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے پیپلز پارٹی میں مائنس زرداری فارمولے کے حوالے سے بیان پر شدید برہمی اور سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو بغض اور تعصب کی بیماری لاحق ہے ، پی ٹی آئی والے عمران خان سے جان چھڑائیں اور کسی عقلمند کو آگے لائیں ، خان صاحب کو ناروا طریقہ کار سے جان چھڑانی چاہیے ، پیپلز پارٹی اپنے اندرونی معاملات پر کسی کی بات برداشت نہیں کرے گی ، آصف علی زرداری صرف اور صرف جمہوریت کا دفاع کر رہے ہیں ،خان صاحب نے ماضی میں شیخ رشید کے بارے میں کیا کچھ نہیں کہا مگر آج ان کا ایک پل شیخ رشید کے بغیر نہیں گزرتا۔ جمعرات کو پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے پیپلز پارٹی میں مائنس ون فارمولے کے حوالے سے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی پارٹی کی فکر کریں ، تحریک انصاف میں کئی گروپس بن چکے ہیں ، پیپلزپارٹی کو کس کو رکھنا ہے اور کس کو نکالنا ہے یہ عمران خان کا نہیں ہمارا اپنا مسئلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ذہنی دباؤ کا شکار ہیں ، تحریک انصاف کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فائدہ بھارت نے اٹھایا جس کی وجہ سے عمران خان پر سیاسی طور پر بہت پریشر بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے اپنے پارٹی وفد کو وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس میں بھیجا اور بعد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھی قومی سلامتی کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے بھیجا اس کے باوجود وہ بلاول بھٹو زرداری پر وزیراعظم کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے تنقید کیوں کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بغض اور تعصب کی بیماری ہے ، پی ٹی آئی والے عمران خان سے جان چھڑائیں کسی عقل مند کوآگے لائیں ،30اکتوبر کو اتوار ہے کیا عمران خان شہریوں کو اس دن یرغمال بنانا چاہتے ہیں ، آصف زرداری صرف اور صرف جمہوریت کا دفاع کر رہے ہیں ۔ عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ خان صاحب اپنے ناروا وطیرے سے جان چھڑائیں ، عمران خان کو پیپلزپارٹی پر غصہ اس بات پر ہے کہ ہم نے تحریک انصاف کی جانب سے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ پر ان کے اس فیصلے کو غلط قراردیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایم کیو ایم میں مائنس الطاف حسین کی بھی بات کی ۔ پیپلزپارٹی نے نہ پہلے مائنس ون فارمولے کو مانا اور نہ اب مانیں گے ۔ پیپلزپارٹی کو اپنے سیاسی معاملات پر کسی سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں ، خان صاحب نے ماضی میں شیخ رشید کے بارے میں کیا کچھ نہیں کہا مگر آج ان کا ایک پل شیخ رشید کے بغیر نہیں گزرتا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیپلز پارٹی کو مائنس زرداری فارمولا دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول نے نوازشریف کو غدار کہنے کے بعد ہاتھ ملایا ، بلاول کی طرح منافقت نہیں کر سکتا ، خورشید شاہ وزیراعظم کے پے رول پر ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں