272

پسماندہ اضلاع میں زچہ و بچہ کے مفت علاج کے علاوہ انہیں آمد و رفت کا خرچہ بھی دیا جا تا ہے ۔ خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال )خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے تھیلی سیمیا اور ہیموفیلیا سمیت بعض موروثی وموذی امراض میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر سے اگاہی حاصل کریں تاکہ ہم بیماریوں سے محفوظ صحت مند قوم بنیں انہوں نے یقین دلایا کہ ہماری حکومت اس مرض کے انسداد کیلئے صوبائی اسمبلی کے منظور کردہ بل پر عمل کیلئے اقدامات کرے گی یہ بات انہوں نے خون کے موذی امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج سے وابستہ ادارے حمزہ فاؤنڈیشن کے چئیرمین اعجاز علی خان سے ملاقات میں کہی جس نے وزیر خزانہ سے انکے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور انہیں اپنے ادارے کی کارکردگی سے اگاہ کرنے کے علاوہ ایسے اداروں کی حکومتی حوصلہ افزائی نیز 2010ء میں پاس کردہ انسداد تھیلی سیمیا بل پر عمل درآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا مظفر سید ایڈوکیٹ نے واضح کیا کہ ہماری حکومت تھیلی سیمیا کے بڑھتے پھیلاؤ اور نزاکت سے اگاہ ہے تھیلی سیمیا کے عالمی دن کے موقع پر خود ہمارے وزیراعلیٰ نے کابینہ کے دیگر ممبران اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ تھیلی سیمیا کے خلاف عوامی شعور کی بیداری کیلئے واک کی قیادت کی انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہر قسم کے امراض سے پاک صحتمند معاشرے کیلئے کوشاں ہے ضلع و تحصیل سطح کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی علاج مفت کر دیا ہے انسولین بینک قائم کیا گیا جہاں ذیابیطس کے مریضوں کو مفت انسولین ملتی ہے ہیپاٹائٹس، ڈینگی، گردوں کی پیوند کاری و ادویات، ٹی بی اور ای پی آئی سمیت کئی مہلک امراض کا علاج بھی مفت بنا دیا گیا جبکہ تمام چھوٹے بڑے طبی مراکز میں عملے اور سہولیات کی موجودگی یقینی بنائی گئی تاکہ عوام کو علاج کیلئے دور دراز کے بڑے ہسپتالوں میں نہ جانا پڑے کئی پسماندہ اضلاع میں زچہ و بچہ کے مفت علاج کے علاوہ انہیں آمد و رفت کا خرچہ بھی دیا جا تا ہے بچوں کے حفاظتی پروگرام کی تکمیل پر والدین کو ایک ہزار روپے کی امداد دی جاتی ہے تمام ہسپتالوں میں سیف بلڈ ٹرانسفیوژن پروگرام شروع کیا گیا تاکہ امراض سے پاک خون کی منتقلی ہو انہوں نے ہزاروں غریب گھرانوں کے چراغ گل ہونے سے بچانے نیز تعلیمی اداروں میں عطیہ خون کے کیمپوں کے ذریعے نئی نسل میں عطیہ خون اور فلاح کا جذبہ بڑھانے پر فاؤنڈیشن کی دل کھول کر تعریف کی اور اسطرح کے تمام اداروں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے مخیر شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی زکواۃ و خیرات ایسے ہی اداروں کی نذر کریں تاکہ اس کا بہترین استعمال ہو جو بہترین صدقہ جاریہ بھی ہے درایں اثناء اضاخیل اجتماع کے نائب منتظم فضل اللہ داؤدزئی کی معیت میں زعماء کے وفد نے بھی وزیر خزانہ سے ملاقات کی اور انہیں کابینہ کے دیگر ارکان کے ہمراہ اجتماع میں شرکت کیلئے مدعو کیا نیز بتایا کہ اجتماع میں دس ہزار علماء، ایک لاکھ نوجوانوں، پچاس ہزار خواتین کے علاوہ اڑھائی لاکھ شرکاء کے دو روزہ قیام و طعام کا بندوبست کیا گیا ہے مظفر سید ایڈوکیٹ نے واضح کیا کہ نوشہرہ میں جماعت اسلامی کے اجتماع سے کرپشن فری اور نئے پاکستان کی منزل مزید قریب ہوگی جس کی داغ بیل ہم خیبر پختونخوا سے ڈال چکے ہیں کارکنوں کے انہوں نے جذبہ خدمت کو سلام پیش کرتے ہوئے اس بات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ انکی شبانہ رو زمحنت کی بدولت اجتماع کو بین الاقوامی اہمیت ملی ہے اور اس میں نہ صرف اسلامی ممالک کے سفراء کو مدعوکیا گیا بلکہ امام کعبہ اور ترک صدر طیب اردوان سمیت عالمی شخصیات کی شرکت یقینی بنائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے بزرگ مولانا طارق جمیل بھی اجتماع میں رائے ونڈ سے وفد کے ہمراہ شریک ہونگے اجتماع میں قرارداد پاکستان کی روح کے مطابق اسلامی انقلاب کا روڈ میپ پیش کیا جائے گا تاکہ ملک میں حقیقی فلاحی معاشرے کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ ہماری کابینہ کے ہر وزیر و مشیر نے معاشرے سے کرپشن کی بیخ کنی اور میرٹ و قانون کی بالادستی یقینی بنانے کی قسم کھا رکھی ہے جس میں ہمیں کئی مواقع پر ذاتی مخالفتوں اور نقصانات کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے مگر ہم ہر قیمت پر اپنے عہد کی پاسداری کرینگے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں اپنے مشن میں بتدریج کامیابی ملی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں