307

پیرامیڈیکل کا بنیادی مقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہے،صدرپیرامیڈیکل ایسوسی ایشن چترال

چترال (ڈیلی چترال نیوز) پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن چترال کے صدر سردار ولی خان ، سینئر نائب صدر وقار احمد، ریاض رضا دوسرے رہنماؤں غلام سرور نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم کا بنیادی مقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہے جبکہ وہ غیر ضروری ایشوز پر کسی سے پنگا لے کر وقت اور توانائی ہرگز ضائع نہیں کریں گے۔ پیر کے روز چترال پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ضلعے میں بعض ہسپتالوں کو مختلف این جی اوز آغا خان ہیلتھ سروس، پی پی ایچ آئی اور پی آر سی ایس کو دیئے گئے تھے مگر ان اداروں میں کام کرنے والے پیرامیڈیکل اسٹاف کو ان اداروں کی طرف سے کوئی اضافی معاوضہ نہیں مل رہا جو کہ قاعدہ وقانون کے مطابق ان کا حق بنتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آغا خان ہیلتھ سروس کا انتظامیہ محکمہ صحت کی طرف سے ان کے فائر ووڈ الاونس کا رقم بھی پورا پورا دینے سے انکاری ہے اور یہ پیرامیڈیکل اسٹاف کے ساتھ سراسر ذیادتی ہے جوکہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں پیرامیڈیکل اسٹاف کو رہائش کا مسئلہ بھی درپیش ہے جبکہ سنگور میں قائم ڈاکٹرز کالونی میں آوٹ سائڈرزنے قبضہ جمالیا ہے اور ان حالات میں پیرامیڈیکل ہاسٹل کی تعمیر کے لئے بھی وہ جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں نرسنگ کونسل کے طرز پر پیرامیڈیکس کے لئے پیرامیڈیکل کونسل کے قیام کے بھی وہ بھر پور جدوجہد کریں گے تاکہ ان کو ایک موثر اور بااختیار فورم حاصل ہو۔ انہوں نے گزشتہ دنوں ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ایم پی اے سلیم خان کی شرکت اور ان کے مطالبے پر ڈسٹرکٹ ہسپتال کے اندر پانی اور بجلی کی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنے فنڈ سے دس لاکھ روپے کی فراہمی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی کے ضلعی کنوینر رحمت غازی کا بھی شکریہ ادا کیا جو کہ ان کی تقریب میں شرکت کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے پیرامیڈیکل کے لئے سروس اسٹرکچر پر عملدرامد کے لئے صوبائی قیادت کا بھر پور ساتھ دینے اور اسے منظور کرانے کا بھی عہد کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں