ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی ہدایت پر رمضان میں عوامی ریلیف کے لیے مانیٹرنگ ڈیسک متحرک؛ ناقص اشیاء کی فروخت اور کم وزنی پر سخت کارروائی چترال (بشیرحسین آزاد)

چترال (بشیرحسین آزاد)
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران عوامی استحصال روکنے کے لیے ضلع بھر میں گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ انتظامیہ نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مانیٹرنگ ڈیسک کو مکمل طور پر متحرک کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر (ہیڈ کوارٹرز) ریاض احمد نے مختلف علاقوں میں تندوروں، قصابوں اور تجارتی مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران گراں فروشی اور کم وزنی روٹی کی فروخت میں ملوث دکانداروں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ محمد خان نے ایون بازار کا دورہ کیا، جہاں خلاف ورزی کرنے والوں کی دکانیں سیل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
اسی طرح تحصیلدار امجد فرید نے مانیٹرنگ ڈیسک پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعدد دکانیں سیل کیں اور ذمہ داران کو گرفتار کرلیا۔
محکمہ لائیو سٹاک، فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی اور محکمہ خوراک کی مشترکہ ٹیموں نے چترال بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ معائنے کے دوران ناقص اشیاء کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام نے پرائس مانیٹرنگ ڈیسک کا معائنہ کیا اور بیکریز، ہوٹلوں و ہول سیل اسٹالز کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف بھی سخت احکامات جاری کیے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مانیٹرنگ کا یہ سلسلہ عید تک جاری رہے گا۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خریداری کے وقت سرکاری نرخنامہ ضرور چیک کریں اور شکایت کی صورت میں مانیٹرنگ ڈیسک کو مطلع کریں۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے تجویز دی ہے کہ مہم کو مزید کامیاب بنانے کے لیے پولیس اور بارڈر فورس کا گشت بڑھایا جائے اور سادہ لباس میں اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ گراں فروشوں کی موثر بیخ کنی ہو سکے۔



