231

مستوج، آتشزدگی سے 12کمروں پر مشتمل گھر جل کر خاکستر 35لاکھ روپے کا نقصان ، فائر فائٹر برانچ آفس کھولنے کا مطالبہ

مستوج (نیت وزیر سے ) مستوج خاص لاکھپ کے مقام پر اچانک آگ لگنے کی وجہ سے 12کمروں پر مشتمل رہائشی مکانات جل کر مکمل طور پر خاکستر ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کے درمیانی رات تقریبا دو بجے چترال سکاوٹس کے ریٹائر ڈ صوبیدار فرمان احمد کے گھر میں آگ بھڑک اُٹھی ، جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلے اتنے بلندہوئے کہ دور دور تک دیکھے گئے ۔ آگ آدھی رات کے وقت لگنے کی وجہ سے رضاکار بھی موقع پر نہ پہنچ سکے ۔ جس کی وجہ سے 12کمروں پر مشتمل رہائشی مکانات سمیت ، مویشی خانے ، سٹور، الیکٹرانک کے سامان سمیت تمام جمع پونجی جل کر راکھ ہوگئے۔ نقصانات کا تخمینہ35لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ بجلی کی شارٹ سرکٹ یا سولر بیٹری کا پھٹ جانا بتایا گیا ۔ تاہم مقامی پولیس بھی تفتیش کررہی ہے۔مقامی رضاکاروں کی کوششوں سے آگ نزدیکی دوسرے گھروں تک نہ پہنچ سکی۔جس سے بہت بڑے نقصانات کا اندیشہ تھا۔ مستوج کے مختلف مکاتب فکر نے ضلعی اور صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ مستوج خاص کیلئے فائر برگیڈ گاڑی مہیاکی جائے۔ تاکہ آگ لگنے کی صورت میں نقصانات کم سے کم ہو۔ انھوں نے 1122کا ایک برانچ مستوج خاص میں کھولنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ علاقے کے عمائدین نے ضلعی انتظامیہ ، صوبائی حکومت اور کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس سے متاثرہ فرمان احمد کے ساتھ مکانات کی دوبارہ تعمیر کیلئے خصوصی تعاون اور مالی معاونت کا مطالبہ کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں