Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لئے آئے تھے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے وفاقی اور پنجاب حکومتوں کو باقاعدہ مراسلہ بھیجا تھا، تاہم اس مراسلے کا ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کل مبارکباد دینے کے لیے ان سے رابطہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ ”ہمارے سیاسی اختلافات کے باعث صوبے کے عوام متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔“سہیل آفریدی نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ، پارٹی قائد سے ان کی ملاقات ضروری ہے، اس لےے ملاقات کرائی جائے۔۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ساڑھے چار کروڑ عوام کا صوبہ ہے اور وہ ان عوام کے منتخب نمائندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جواب دیا تھا کہ وہ پوچھ کر آگاہ کریں گے، تاہم ابھی تک ان کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے قائد سے ملاقات کے لیے تمام قانونی اور آئینی راستے اختیار کریں گے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ہمیشہ قانونی اور آئینی طریقے اختیار کیے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو دوبارہ بھی ایسا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ہم احتجاجی سیاست کرتے ہیں، لیکن اگر عدالتوں سے ہمیں انصاف نہیں ملا تو ہم پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے جو ہمارا جمہوری اور سیاسی حق ہے۔وزیر اعلیٰ نے اپنے دفتر سے قائد اعظم کی تصویر اتارنے یا پاکستان کا جھنڈا ہٹانے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور غلط پراپیگنڈا قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ”یہ ہمارے مخالفین کا پراپیگنڈا ہے جنہیں قائد اعظم کی تصویر صرف نوٹوں پر نظر آتی ہے، دفتروں میں نہیں۔“ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے دفتر میں پاکستان کا جھنڈا بھی لگا تھا اور قائد اعظم کی تصویر بھی آویزاں تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست کے موقع پر لگنے والی فلیکسز میں ہم سب نے دیکھا کہ ان پر کن شخصیات کی تصاویر تھیں۔وزیر اعلیٰ نے آخر میں کہا کہ صوبائی کابینہ کو بانی چیئرمین عمران خان کی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button