پرچہ آؤٹ کرنے کے الزام میں این ٹی ایس کے چار ملازمین گرفتار
گزشتہ ماہ پی ایس ٹی آسامیوں کیلئے منعقدہ این ٹی ایس ٹسٹ پیپر آؤٹ کرنے کے الزام میں چار ملازمین گرفتار کر لیے گئے۔معاملے کی تحقیقیات کیلئے قائم کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ادارے کا نہیں بلکہ اس کے چار ملازمین کا تھا جنہیں ایبٹ آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔گرفتار ملازمین میں دو آفس اسسٹنٹس عمر جلال خان اور فیصل، اسسٹنٹ پروگرامر منظور قادر اور ڈیٹا انٹری آپریٹر دانش آیاز قریشی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ٹی کا پرچہ آؤٹ ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے نہ صرف ٹیسٹ منسوخ کر دیا تھا بلکہ انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی تک این ٹی ایس کو کوئی بھی کام نہ دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔انکوائری کمیٹی کے ممبران میں محکمہ تعلیم کے سپیشل سیکرٹری ارشد خان، ڈائریکٹر فرید خٹک اور این ٹی ایس کے چیف آپریٹنگ آفیسر شامل تھے۔صوبائی حکومت نے اساتذہ کی سترہ ہزار آسامیاں مشتہر کیں جن کیلئے حکومت کے مطابق سات لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔اساتذہ کی بھرتیوں کیلئے ٹیسٹ کی ذمہ داری این ٹی ایس کو دی گئی تاہم تحقیقاتی کمیٹی نے تجویز پیش کی ہے کہ امتحانات میں شفافیت لانے کیلئے این ٹی ایس کے ساتھ ساتھ ایٹا کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔