207

صوبے میں صنعت و حرفت کے فروغ کے لیے مواقع بہت ہیں ، صرف توجہ کی ضرورت ہے ، بزنس کمیونٹی کے لیے راہ ہموار کرنے کا مطلب ہے ملکی ترقی کی راہیں کھولنا، سرتاج احمد خان

پشاور (نامہ نگار )نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل نے کہا ہے کہ کاروباری طبقے کو ریلیف ملے گا تو معیشت کے استحکام کے لیے بھی راہ ہموار ہو سکے گی ،ایف پی سی سی آئی خیبر پختونخوا ریجن اور متعلقہ صوبائی ادارے مل کر معاملات میں پیش رفت کو یقینی بنائیں ، خواہش ہے کہ صوبے میں جدید طرز پر نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، سرتاج احمد خان کہتے ہیں کہ صوبے میں صنعت و حرفت کی ترقی اور معیشت کی مضبوطی کے لیے ساتھ مل کر کام کرنے کو ہمیشہ کی طرح تیار ہیں ضرورت صرف سنجیدہ فیصلوں اور رویوں کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان ، کے پی ایزمک ، ایس آئی ڈی بی ، کے پی بی او آئی ٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینیئر افسران اور دیگر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل کی موجودگی میں مذکورہ بالہ تمام محکموں نے ایف پی سی سی آئی کی جانب سے بزنس کمیونٹی ، صنعت و تجارت کی ترقی بارے سابق نشست میں دی جانے والی تجاویز اور مطالبات پر محکموں کی جانب سے اب تک کی جانے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ نگران وزیر عدنان جلیل کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر بالخصوص نو ضم شدہ قبائلی اضلاع کے حوالے سے کسی قسم کی کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ اس میں کوئی شک نہیں کے مالی مشکلات درپیش ہیں تاہم جن انتہائی ضروری منصوبوں کو مکمل کیے جانے سمیت جن پر کام کا آغاز کیا جاسکتا ہے ان کو فی الفور حتمی شکل دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی خیبر پختونخوا کی ٹیم نے سرتاج احمد خان کی سربراہی میں جو زمینی حقائق سامنے رکھے ہیں ان کو مد نظر رکھتے ہوئے پیش رفت کی جائے اور عید الفطر کے بعد اکنامک زونزکو درپیش مسائل کے حل ، چیمبرز کو پلاٹس کی فراہمی ،ویلنگ سسٹم ، بند یا بیمار صنعتوں کی بحالی سمیت ایجنڈے میں شامل تمام نکات پر اہم اور حتمی فیصلے لیے جائینگے ۔ سرتاج احمد خان نے نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل اور صوبے کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ساتھ مل کر چلنے والے صوبائی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر نیک نیتی اور اخلاص سے کام کیا گیا تو یقینی طور پر کاروبار کا ترقی اور معیشت کو مظبوطی ملے گی اور قوم کی خوشحالی ہوگی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں