تحصیل کونسل چترال کااجلاس ایجنڈا پورا کئے بغیر پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان کی گرفتاری کی خبر ملنے پر اچانک غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی

چترال (نامہ نگار ) تحصیل کونسل چترال کااجلاس ایجنڈا پورا کئے بغیر پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان کی گرفتاری کی خبر ملنے پر اچانک غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیاگیا جوکہ تحصیل چیرمین شہزادہ امان الرحمن کے زیر صدارت جاری تھی۔ خورکشاندہ سے پی ٹی آئی کے رکن کونسل شاہد احمد نے اپنی نشست پہ کھڑے ہوکر جب عمران خان کی گرفتاری کی خبر سنادی تو چیرمین نے فوری طور پر اجلاس کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔ منگل کی صبح دس بجے شروع ہونے کے بعد نماز ظہر کے وقفے اوربعد میں تحصیل کونسل کے مختلف وارڈوں سے تعلق رکھنے والے اور خصوصی نشست پر منتخب ہونے والے ممبران نے اپنے اپنے وارڈوں کے مسائل بیان کئے جنہیں تحصیل چیرمین سنتے رہے جبکہ ٹی ایم او چترال اور اسسٹنٹ ڈائرکٹر لوکل گورنمنٹ کے علاوہ کوئی افسر ہاوس میں موجود نہ تھا جواپنے اپنے محکمہ جات کے بارے میں سوالات اور شکایات کا جواب دیتے۔ذیادہ تر شکایات سکولوں میں اسٹاف کی کمی یا تدریسی اسٹاف کی مسلسل غیر حاضری، گزشتہ سال سیلا ب سے متاثر ہ انفراسٹرکچروں کی بحالی میں ناکامی، ٹینڈر ہونے کے باوجود کاموں کو ادھورا چھوڑنا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سروے میں عوام کو درپیش شدید مشکلات، آٹا اور گندم کی شدید قلت، منتخب بلدیاتی نمائندوں کا بے اختیار ہونا اور کوئی ترقیاتی فنڈز اور تنخواہ کا نہ ملنا شامل تھے۔