ڈسٹرکٹ یوتھ افیس لوئرچترال کے زیراہتمام اور مالی معاونت سے خواتین کے لئے فیشن اینڈڈیزائننگ اورجیم اسٹون یعنی مقامی قیمتی پتھروں کی شناخت کے موضوع پرچھ روز ہ تربیتی ورکشاپ

چترال (ڈیلی چترال نیوز)ضلعی انتظامیہ کی تعاون سے ڈسٹرکٹ یوتھ افیس لوئرچترال کے زیراہتمام اور مالی معاونت سے ضلع لوئرچترال میں خواتین کے لئے فیشن اینڈڈیزائننگ ،جیم اسٹون یعنی مقامی قیمتی پتھروں کی شناخت اوربین الاقوامی مارکیٹ تک پہنچانےکے موضوع پرچھ روز ہ تربیتی ورکشاپ زرگراندچترال کے مقامی فیشن ڈیزائننگ سنٹر اوریوتھ سنٹرچترال میں منعقدکیاگیا۔دونوں ورکشاپ میں لوئرچترال کے مختلف علاقوں سے چالیس سے زاہدخواتین نے شرکت کی۔پروگرم سہولت کارصفت گل اوردوسروں نے کہاکہ فیشن ڈیزائنگ خواتین کے لئے ایک عزت دار پیشہ ہے جو خواتین اپنے گھر سے ہی کرسکتی ہیں ۔فیشن ڈیزائنگ آج ایک بڑا گلیمرس بزنس بن چکا ہے ۔یہ گھریلو صنعت کا درجہ رکھتا ہے۔خواتین کے ریڈی میڈ ملبوسات کے لیے مارکیٹ میں فیشن ڈیزائنر کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آپ کسی بھی کام کو کرئیر بنانے کا ٹھان لے تو سب سے پہلے اس میں آپ کو محنت ، دلچسپی اور ایماندار ی کی اشد ضروری ہے ۔ جب ہی آپ مہارت والا فن حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکیں گے اور مستقل طور پر اسے انجام دینا آپ کے لئے آسان ہوگا ۔ اگر یہ محنت منظم طریقے سے کی جائے تو اس کے ذریعے پرکشش کمائی حاصل کرنا آسان ہے ۔ فیشن ڈیزائنگ اس ہنر میں مہارت کے لیے کپڑوں کی قسموں سے آپ کی واقفیت ہونا ضروری ہے ۔ کون سے موسم میں کون سے کپڑے کو پسند کیا جاتا ہے یا اس کی ڈیمانڈ ہوتی ہے ، روزمرہ ،شادی بیاہ اور آفس کے لیے مختلف قسم کے ملبوسات کو ترجیح دی جاتی ہے جس کا علم ہونا لازمی ہے۔آخرمیں ایگزی بیشن یوتھ سنٹرچترال میں منعقدکیاگیا۔دوسرے ورکشاپ کے پروگرام سہولت کارضیاء الرحمن ،ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسرلوئرچترال جبارغنی اوردوسروں نے کہاکہ چترال کے نوجوانوں کوقیمتی پتھروں کی مارکیٹنگ میں تربیت دینے کی اشدضرورت ہے۔اس شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور محکمانہ استعداد کار میں اضافہ کے لئے ری سٹرکچرنگ کاعمل بھی لازم و ملزوم ہے ، تاکہ انویسٹمنٹ فرینڈلی اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ معدنیات کی تلاش کے کلچرکوفروغ دیا جا سکے ۔مائننگ کے شعبے کو ترقی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو اس شعبے میں تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ سرکاری سطح پر اس شعبے کو ترقی دینے کیلئے اقدامات کرنا بھی ضروری ہیں جس سے چترال سے غربت اور بیروزگاری میں نمایاں کمی آئے گی۔یہاں کئی قیمتی پتھروں کی وسیع ذخائر ہیں۔جیم ا سٹون خوبصورتی، زیوارات اور سجاوٹ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ان میں وہ جیم اسٹون بھی ہیں، جو سجاوٹ کے لیے استعمال ہوتے ہیں،تعمیراتی کاموں میں استعمال کیے جاتے ہیں ۔ایسے قیمتی پتھر بھی ہیں جو زیورات میں استعمال ہوتے ہیں۔ ان قدرتی وسائل کا کھوج لگا کر چترال کی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتاہے۔پروگرام کے آخرمیں شرکاء ورکشاپ کوتعریفی اسناد سے نوازاگیا۔





