Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

ڈپٹی کمشنر چترال نے ایون ریوربیڈ ( شوتار ) میں مرغابیوں کے شکار کیلئےکسی بھی قسم کے تالاب تعمیر کرنے پر دفعہ 144 نافذ کرکے پابندی لگا دی

چترال ( محکم الدین ) ڈپٹی کمشنر چترال نے ایون ریوربیڈ ( شوتار ) میں مرغابیوں کے شکار کیلئےکسی بھی قسم کے تالاب تعمیر کرنے پر دفعہ 144 نافذ کرکے پابندی لگا دی ہے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔ یہ اقدام ایون کے عمائدین کے مطالبے پر اٹھایا گیا ہے ۔ جنہوں نے منگل کے روز آفس میں ان سے ملاقات کی ۔ اور ایون کو دریائے چترال میں طغیانی اور سیلاب کے دوران مقامی آبادی ،زمینات و جنگلات کو پہنچنے والے نقصانات سے متعلق ڈپٹی کمشنر چترال لوئر کو آگاہ کیا ۔ اس موقع پر انتظامیہ کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو 2015 کے خوفناک اور تباہ کن سیلاب کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ اور کہا ۔ کہ سردیوں میں مرغابیوں کے شکار کیلئے جو ڈیم نما تالاب بنائے جاتےہیں ۔وہ گرمیوں کے وسط تک دریاء کے بہاو کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں ۔ یوں دریائی اور سیلابی ملبہ ان مقامات میں رک جاتا ہے ۔ جس سے دریا کی سطح پہلے کی نسبت بہت بلند ہو چکی ہے۔ اور نتیجتا چیتر پل کے قریب درجنوں مکانات دریا کی زد میں آچکے ہیں ۔ اور لوگ ہجرت کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ تھوڑیاندہ ، درخناندہ کا وسیع زرخیز ائریا اور فصلیں ہر سال دریا میں ڈوب کر ختم ہوجاتی ہیں ۔ جس کا ثبوت یہ ہے کہ تھوڑیاندہ اور درخناندہ کا درمیانی علاقہ جواپنے فصلوں ،سبزے اور باغات کے باعث ایون کے حسن کو دوبالا کرتا تھا ۔ اب ایک صحرا کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ وفد نے یہ بھی کہا ۔ کہ نالہ ایون اور دریائے چترال کے سنگم میں سیلاب کی وجہ سےبڑے بڑے پتھر پھنس گئے ہیں ۔ جنہیں صاف کئے بغیر ایون کو محفوظ نہیں بنایا جا سکتا ۔ اس لئے انہیں ہٹانا از بس ضروری ہے ۔ اسی طرح موڑدہ چیتر پل کے قریب چینلائزیشن اور حفاظتی پشتے تعمیر کئے بغیر لوگوں کے مکانات اور جانوں کو محفوظ بنانا ممکن نہیں ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے وفد کی باتیں سننے کے بعد ایکسین ائریگیشن کو ہدایت کی ۔ کہ وہ سیلابی ملبہ اور بڑے پتھر ہٹانے کے عمل کو یقینی بنائیں ۔ اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر چترال کو ایون میں شکار کیلئے تالاب بنانے کے کام کو روکنے کیلئے دفعہ 144 پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ وفد میں چیرمین وی سی ایون ون وجیہ الدین ،چیرمین وی سی ٹو ایون محمد رحمن ، حاجی خیر الاعظم ،رحمت اکرم ،محمد الیاس ،خلیل اللہ ، برھان الدین ،مہتاب علی ،نصیرالدین ،صفدر ولی اور رحمت امان شامل تھے ۔ درین اثنا وفد نے ڈپٹی کمشنر چترال سے کالاش ویلیز روڈ میں کام کی سست روی کے حوالے سے بھی بات کی ۔ تاہم اس کیلئے اگلی نشست پر اتفاق کیا گیا ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button