ڈپٹی کمشنر لوئرچترال محمد علی خان کی زیر صدارت آنے والی پولیو کی قومی مہم کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکشن کمیٹی (DPEC) کا اجلاس
چترال ( نمائندہ ) ڈپٹی کمشنر لوئرچترال محمد علی خان کی زیر صدارت آنے والی پولیو کی قومی مہم کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکشن کمیٹی (DPEC) کا اجلاس ڈی سی افس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر فیاض رومی ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عدنان حیدر ملوکی، کوارڈینٹر ای پی آئی ڈاکٹر فرمان نظار، کوارڈنیٹر ایل ۔ایچ ۔ڈبلیو پروگرام ڈاکٹر سلیم سیف اللہ خان ، ایس ڈی پی او چترال سٹی احمد عیسی ٰ کے علاوہ متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پولیو مہم کے حوالے سے تیاریوں پر ڈاکٹر فرمان نظار نے تفصیل سے بریفنگ دی ۔انھوں نے بتایا کہ اس مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 57118بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے 363 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔جو گھرگھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلوائیں گے۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے ، لہذا اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے پولیو ٹیموں کو فل پروف سیکورٹی دینے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی۔انھوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے ہر ایک کواپنا کردار ادا کر نا ہو گا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس مہم کی نگرانی کریں گے.ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی , مائیکرو پلانز کی تیاری اور اعداد و شمار کی جوابی توثیق پر زور دیا اور کہا کہ پولیو قومی مفاد کی مہم ہے ۔ اس میں کسی قسم کی سستی و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی .پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔