126

سینئر صحافی گل حماد فاروقی کی وفات پر چترال پریس کلب کا تعزیتی اجلاس و فاتحہ خوانی

چترال (نمائندہ) چترال کے معروف صحافی گل حماد فاروقی ہفتے کی صبح ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال میں اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ وہ چترال میں محکمہ موسمیات میں ملازمت سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کے بعد صحافت کے پیشے سے وابستہ ہوکر مختلف نیوز چینلزاور اخبارات کے ساتھ منسلک ہوگئے تھے جبکہ چترال میں شادی کرنے اور سنگور گاؤں میں گھر بنانے کے بعد یہیں سکونت اختیارکرلی۔ عوامی اور سماجی مسائل کو میڈیا میں اجاگر کرنے میں انہوں نے ایک نام پیدا کیا تھاجس کے لئے وہ دوردراز علاقوں کا سفر بھی کرتے تھے۔ ان کے رشتہ داروں کے مطابق ہفتے کی رات دو بجے انہیں سینے میں درد ہونے پرہسپتال پہنچایا گیا جہاں دوگھنٹوں تک ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کی زندگی بچانے کی بھر پور کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ان کی جسد خاکی کو ان کے رشتہ داروں کے خواہش کے مطابق تدفین کے لئے شب قدر چارسدہ لے جایا گیاہے۔ دریں اثناء چترال پریس کلب کا تعزیتی اجلاس صدر ظہیرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مرحوم کے روح کی ایصال ثواب اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعامانگی گئی۔چترال میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے گل حماد فاروقی کی اچانک رحلت پر گہری رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے میں صحافت اور ترقی کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دے دیا ہے۔ چترال سے قومی اسمبلی کے رکن عبداللطیف، سابق ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی، چترال ڈویلپمنٹ مومنٹ (سی ڈیم ایم) کے چیرمین وقاص احمد ایڈوکیٹ اورایگزیکٹو ممبران لیاقت علی،عنایت اللہ اسیر اور دوسروں نے فاروقی کی اچانک انتقال پر گہری افسوس اور غم کا اظہارکیاہے۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہاہے کہ چترال کی تعمیر وترقی میں گل حماد فاروقی نے میڈیا کے ذریعے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں