چترال لوئر میں اگیگا کی زیر قیادت ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں صوبائی حکومت کے بجٹ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ ، مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں راست اقدام اٹھانے کی دھمکی ۔

چترال ( محکم الدین ) چترال لوئر کےتمام ملازمین کا ایک غیر معمولی احتجاجی مظاہرہ صدر اگیگا امیر المک کی زیر صدارت چترال پریس کلب روڈ پر منعقد ہوا جس میں آل ٹیچرز ، پیرامیڈکس ، آکسا ، کیپلا ، کیپٹا ، ایپکا ، کلاس فور یونین ،لیبر یونین (پی ڈبلیو ڈی ) وی سی سییکرٹریز یونین ، پٹوار و قانون گو ایسو سی ایشن کےنمایندگان نے خطاب کیا اور صوبائی حکومت کے حالیہ بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے ظالمانہ قرار دیا ۔ اور کہا ۔ کہ وزراءکیلئے 300 فیصد بیوروکریٹس کیلئے 200 فیصد اور غریب پسے ہوئے ملازمین کیلئے 10 فیصد اضافہ کسی صورت منظور نہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میڈیکل ، کنوینس الاونس ، ہاوس رینٹ 20 سال پہلے کے ہیں ۔ جن سے نہ ادویات ملتی ہیں ۔ نہ مکان کا کرایہ ادا ہوتا ہے اور نہ ٹیکسی کرایہ کیلئے کافی ہیں ۔ اس لئے ان میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت میں اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین کی اپگریڈیشن کا جو وعدہ کیا گیا تھا ۔ اس کو پورا کیا جائے ۔ انہوں نے گریجویٹی ، ماہانہ پنشن ،لیو انکشمنٹ پر کٹوتی کو پنشن ختم کرنے کی سازش قرار دیا ۔ اور کہا ۔ کہ ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے ۔ اورسابقہ طریقہ کار بحال رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو خبردار کیا ۔ کہ اگر ان کے جائز مطالبات کو ماننے سے انکار کیا گیا ۔ تو وہ راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے ۔ ایسی صورت میں تمام تر حالات کی ذمہ داری موجودہ صوبائی حکومت پر ہوگی ۔.