Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کی جانب سے صحافیوں کے لئے دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

چترال (نمائندہ) آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کی جانب سے ڈسزاسٹر رسک منیجمنٹ رپورٹنگ کے موضوع پر دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ آج چترال پریس کلب میں اختتام پذیر ہوا۔ جس میں چترال کے دونوں اضلاع سے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد مختلف قسم کے آفات کے دوران مثبت اور بامقصد رپورٹنگ کے سلسلے میں چترال کے صحافیوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا تھا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخار شاہ نے کہا کہ چترال جیسے پسماندہ علاقے میں قدرتی آفات کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہتا ہے ان سے نمٹنے کے لئے ایک مربوط ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ پلان بنانے کی ضرورت ہے۔آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان چترال کے مختلف علاقوں میں قدرتی آفات کے دوران جس بہترین انداز میں کام کررہا ہے وہ ایک مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال جیسے دور آفتادہ علاقے میں قدرتی آفات کے دوران ذہن سازی اور آگاہی پھیلانے کیلئے میڈیا سب سےموثر ذریعہ بن سکتا ہے۔ مثبت رپورٹنگ اور ٹرینڈ صحافی ایسے حالات کے دوران متاثرین کے لئے ایک سرمایے کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کی جانب سے میڈیا والوں کے لئے منعقدہ ورکشاپ کے انعقاد کو سراہا۔اور امید ظاہر کی کہ اب مقامی صحافی قدرتی آفات کے دوران بہتر رپورٹنگ کرسکیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی ایم ولی محمد خان نے تمام شرکاء کا بھر پور طریقے سے شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے چترال میں قدرتی آفات کا سلسلہ تیزی سے بڑھتا جارہا ہے۔ ان آفات سے نمٹنے میں مختلف ادارے مثبت کردار ادا کررہے ہیں مگر ان آفات کے دوران، اس سے قبل اور آفات کے بعد جو شعبہ سب سے زیادہ اہم کردار ادا کرتا ہے وہ صحافت اور صحافی ہیں۔ ان آفات سے نمنٹنے کے لئے صحافیوں کی صلاحیتوں کو بھی بڑھانے کی ضرورت ہے جس میں مقدور بھر کردار ہمارا ادارہ ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان چترال کے مختلف دور آفتادہ علاقوں میں قدرتی آفات کے دوران حالات سے نمنٹے کے لئے ایک مکمل نیٹ ورک کے ذریعے کام کرتا ہے جس میں رضاکاروں کے علاوہ مختلف قسم کے سامان سے لیس اسٹاک پائل بھی موجود ہیں۔ اور گزشتہ کئی دہائیوں سے چترال میں قدرتی آفات کے دوران لوگوں کی مدد میں پیش پیش رہا ہے۔
تربیت حاصل کرنے والے میڈیا پرسنز میں سے سروش، اشرف حسین اور چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور دو روزہ تربیتی ورکشاپ کو انتہائی مفید قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ سیشن کے دوران شرکاء کو ابتدائی طبی امداد اور دیگر فیلڈ سے متعلقہ امور کے بارے میں عملی تربیت بھی دی گئی جو ایک رپورٹر کو آفات کے دوران اور بعد میں اپنی ڈیوٹی کے دوران انجام دینے کی ضرورت پڑتی ہے۔ آخر میں مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں نے ٹریننگ کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے۔


Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button