ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور تجاریونین بونی کی جانب سے پاک فوج کی شاندار کارکردگی پر اظہار تشکر ریلی

اپرچترال( ذاکرمحمدزخمی)دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے اور بھارتی مودی سرکار کو عبرت ناک شکست دینے پر پاک افواج کوخراج تحسین پیش کرنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے سلسلے میں اپرچترال کے ضلعی ہیڈکوارٹر بونی میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر مستوج احسان افریدی اور صدر بازار رحیم خان نے کی۔ یہ ریلی ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور تجار یونین بونی کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں مقامی تاجر برادری، سول سوسائٹی کے اراکین اور عوام نے شرکت کی۔ شرکاء نے “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج زندہ باد”، “قدم بڑھاؤ پاک فوج! ہم تمہارے ساتھ ہیں”، اور “پاک فضائیہ زندہ باد” جیسے نعرے لگاتے ہوئے پاک فوج کی تاریخی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکرانے کی دعا کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ “ہم ہر حال میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور جان کی بازی لگا کر بھی پاکستان کی حفاظت کریں گے۔” انہوں نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



