پاکستان کا بھارت پر فتح کی خوشی اور یوم تشکر منانے کے سلسلے میں لویر چترال میں جلسہ اور ریلی کا اہتمام

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوعز) پاکستان کا بھارت پر فتح کی خوشی اور یوم تشکر منانے کے سلسلے میں لویر چترال میں جلسہ اور ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں عوام نے ازلی دشمن پر غلبہ پانے اور ان کی پسپائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام مسلح افواج کے ساتھ ہیں اور اپنی مادر وطن پر آنچ آنے نہیں دیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اپیل پر نماز ظہر کے بعد تمام دیہات اور بازاروں کے مساجد سے کثیر تعداد میں پرجوش عوام اتالیق پل میں جمع ہوئے۔ جلسہ سے مسلم لیگ (ن) کے صدر عبدالولی خان عابد ایڈوکیٹ کے علاوہ نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ، محمدکوثر ایڈوکیٹ، محمد ولی شاہ، مظفر الدین، مولانا اسرار الدین الہلال دین محمد ندیم، نعیم انجم، فضل رحیم ایڈوکیٹ، حاجی عیدالحسین اور دوسروں نے خطاب کرتے ہوئے افواج پاکستان کی دلیری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین کاکہنا تھاکہ پاکستان قائم رہنے کے لئے ہی بنا ہے اور رہتی دنیاتک یہ سبز ہلالی پرچم لہراتا رہے گا۔مقررین نے انڈیا کے مقابلے میں اس تاریخی فتح کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھنے کے لئے ہر سال 10مئی کو منانے اور اس دن عام تعطیل کا مطالبہ کیا۔ بعدازاں اتالیق پل سے چیو پل ریلی نکالی گئی جس میں پاک فوج کے حق میں زبردست نعرہ بازی ہوئی۔







