Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

چترال کے مقامی ٹاؤن ہال میں بیک وقت آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس(اگیگا) لویر چترال، انجمن پٹواریاں وقانونگویاں، سی اینڈڈبلیو لیبر یونین اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے نومنتخب کابینوں کی حلف برداری

چترال (نمائندہ ) چترال کے مقامی ٹاؤن ہال میں بیک وقت آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس(اگیگا) لویر چترال، انجمن پٹواریاں وقانونگویاں، سی اینڈڈبلیو لیبر یونین اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے نومنتخب کابینوں کی حلف برداری کے ساتھ ساتھ اگیگا کے سابق صدر امیر الملک کی ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں اگیگا تنظیم کی صوبائی چیرمین وزیر زادہ مہمان خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل اے سی چترال محمد ضیاء نے صدارت کی۔ اگیگا تنظیم سے حلف وزیر زادہ، سی اینڈ ڈبلیو یونین سے امیر الملک، کلرکس ایسوسی ایشن سے محمود غزنوی اور انجمن پٹواریاں سے محمد ضیاء نے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں اگیگا کے صدر ضیاء الرحمن، سینئر نائب صدر وقار احمد، جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمن، سرپرست اعلیٰ قاری یوسف اور دیگر ممبران نثار احمد، زاہد عالم، سلیم عباس، سعود آزادجبکہ سی اینڈ ڈبلیو لیبر یونین کے صدر سلیم عباشمس،نائب صدر مجاہدین، جنرل سیکرٹری حکیم محمد، جائنٹ سیکرٹری عطاء الرحمن، فنانس سیکرٹری محمد یوسف، چیرمین شاکرالدین، میڈیا کوارڈنیٹر شمس الرحمن اور انجمن پٹواریاں وقانونگویاں کے صدر سعود آزاد قاشقاری اور دوسرے عہدیدار ریاض احمد، فضل جلیل، مرتضیٰ، سلطان مراد خیالی، سمیع اللہ، کلیم اللہ،زاہد حسین، محبوب الرحمن شامل تھے۔ اس موقع اپنے خطآب میں اگیگا کے صوبائی چیرمین وزیر زادہ نے سرکاری ملازمین کو خوشخبری سناتے ہوئے کہاکہ حکومتی وعدے کے مطابق ان کے تنخواہوں میں بجٹ سے ہٹ کر 30فیصد اضافہ ہونے والا ہے جبکہ پنشن کا پرانا سسٹم بحال رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف نے بھی سرکاری ملازمین کے حوالے سے نرمی برتنے کا وعدہ کیا ہے جس کے رو سے ملازمین کو مزید مراعات حاصل ہوں گے اور نتیجتاً مراعات میں اضافہ 45فیصد تک جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کے کوٹے کی بحالی کے لئے تنظیم کی پلیٹ فارم سے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے سرکاری ملازمین میں اتحادواتفاق کو ان کی بقا اور کامیابی کے لئے لازمی جز قرار دیتے ہوئے کہاکہ صوبے کے سات لاکھ 70ہزار سرکاری ملازمین ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہیں۔ انہوں نے امیر الملک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس نے اپنے دوران ملازمت یونین کے مفادات کو ہرچیز پر مقدم رکھا اور دوسروں کے لئے مثال قائم کیا۔ صدر محفل محمد ضیاء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھانے والوں پر زور دیا کہ وہ ہر جائز اور اجتماعی مفادات کواپنے سامنے رکھ کر منزل کا تعین کرتے ہوئے جدوجہد کو جاری رکھیں۔ اگیگا کے نومنتخب صدر ضیاء الرحمن نے بھی امیر الملک کی بطور رہنما خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ انہوں نے طویل عرصے تک سرکاری ملازمین کی حقوق کی جنگ لڑی۔ انہوں نے امیر الملک کی نقش قدم پر چلنے اور ملازمین کے لئے اپنی تن من دھن کی بازی لگانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر ضیاء الدین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شہزادہ حیدر الملک، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر محمود غزنوی، کامرس کالج کے پرنسپل پروفیسر صاحب الدین اور آ ل پاکستان کلرکس ا یسوسی ایشن کے صوبائی چیرمین سلیم خان بھی موجود تھے۔ اس سے قبل مہمانوں کو اگیگا کی طرف سے چترالی روایتی پھکوڑ اور چوغہ پیش کئے گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button