وزیراعلیٰ کا نوٹس، سیکرٹری مواصلات کا عوامی نمائندوں کے ہمراہ ٹوپی بادہ خوڑ پل کا ہنگامی دورہ،پل مرمت اور ٹریفک کے متبادل انتظامات کا جائزہ لیا
پشاور(نامہ نگار)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ٹوپی صوابی شاہراہ کا بادہ خوڑ پل بیٹھ جانے اور ٹوپی تا راولپنڈی ٹریفک کی معطلی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری وہاں پہنچنے اور انہیں صورتحال سے اگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات انجینئر محمد آصف خان نے ہنگامی بنیاد پر مقامی نمائندوں اور ایم ڈی خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے ہمراہ وہاں کا دورہ کیا اور پل کے مخدوش حصے کا معائنہ کیا انہوں نے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے متبادل راستے کا جائزہ بھی لیا اور پل کی جلد از جلد مرمت اور ٹریفک کی 24گھنٹے بلارکاوٹ آمد و رفت یقینی بنانے کیلئے ضروری ہداایت جاری کیں خیبر ہائی وے اتھارٹی کے ایم ڈی انجینئر محمد عزیر نے بتایا کہ تقریباً 32سال پہلے 1984ء میں تعمیر ہونے والے اس 210فٹ لمبے پل کی تعمیر نو کیلئے اقدامات جاری تھے تاہم افسوسناک بات یہ ہوئی کہ مقامی آبادی اپنی ضروریات کیلئے پل کے نیچے سے ریت اور بجری نکالنے لگی تھی جس سے یہاں کئی فٹ نشیب اور برساتی پانی کھڑا رہنے کے سبب پل کے ستونوں پر دباؤ بڑھ گیا اور اس کا ایک پلر چھ انچ بیٹھ گیا جس پر عیدالفطر کی تعطیلات کے فوری بعد کام شروع کیا گیا اور یہاں جمع پانی کو نکالا گیا مگر کام کے دوران زیر زمین نرمی بڑھنے کی وجہ سے پلر مزید نو انچ بیٹھ گیا جس سے پل گرنے کا خدشہ پیدا ہو گیا لہٰذا اتھارٹی نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ٹریفک کیلئے متبادل راستہ بناکر پل کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا اب پل پر کام کا آغاز بھی کر دیا جائے گا سیکرٹری مواصلات نے پل کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کے ساتھ ساتھ اسکی تعمیر نو کا عمل شروع کرنے کی ہدایت بھی کی درایں اثناء سیکرٹری مواصلات محمد آصف خان نے وزیراعلیٰ اور مشیر برائے مواصلات اکبرایوب خان سے رابطہ کرکے انہیں ٹوپی میں بادہ خوڑ پل کی مرمت اور ٹریفک بحالی سے متعلق تازہ صورتحال سے اگاہ کیا اور اس بارے میں ضروری ہدایات حاصل کیں۔