تازہ ترین پرنس رحیم آغا خان کی سالگرہ بونی میں جوش و خروش سے منائی گئی

اپرچترال (رپورٹ شہزاد احمد ) اسماعیلی برادری کے پچاسویں امام پرنس رحیم آغا خان کی چاون ویں سالگرہ نہایت عقیدت و جوش و خروش کے ساتھ بونی میں منائی گئی۔ اس موقع پر اسماعیلی طریقہ اینڈ ریلیجیس ایجوکیشن بورڈ اور ریجنل کونسل اپر چترال کے باہمی اشتراک سے ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما، سماجی رہنما، اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت پریذیڈنٹ نامدار اسماعیلی کونسل اپر چترال امتیاز عالم نے کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان مہمانِ خصوصی تھے۔ ڈی سی اپر چترال نے دیگر شرکا کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹ کر پرنس رحیم آغا خان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ابتدائی خطاب میں چیرمین طریقہ بورڈ اپر چترال ڈاکٹر نثار حسین نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور پروگرام میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی جانب سے پرنس رحیم آغا خان کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چترال میں امن، بھائی چارگی اور ہم آہنگی کے فروغ میں اہلِ سنت اور اسماعیلی برادری دونوں کا کردار مثالی ہے۔ ہم اے کے ڈی این کے ساتھ مل کر عوامی فلاح کے منصوبوں میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔”
عالم دین قاضی غلام ربانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے پرنس رحیم آغا خان کو مبارکباد پیش کی اور اے کے ڈی این کی چترال کی تعمیر و ترقی میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی احترام اور اتحاد ہی علاقے کی حقیقی ترقی کی ضمانت ہے۔
تقریب میں چیرمین فیض الرحمن، سابق تحصیل ناظم مستوج شمس الرحمن لال، چیرمین تحصیل کونسل سردار حکیم، اور ایس پی انویسٹیگیشن اجمل خان سمیت معروف شخصیات نے بھی شرکت کی اور آغا خان فیملی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اختتامی خطاب میں پریذیڈنٹ امتیاز عالم نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:“ایسی تقریبات نہ صرف مذہبی و سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں بلکہ علاقے میں محبت، امن اور بھائی چارگی کے جذبے کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔”